حیدرآباد۔/15جنوری، ( آئی این این ) کانگریس رکن راجیہ سبھا پی گووردھن ریڈی نے اپنی ہی پارٹی کے چیف منسٹر این کرن کمارریڈی کے خلاف کرپشن کے سنگین الزامات عائد کئے ۔ انہوں نے احاطہ اسمبلی میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے چیف منسٹر پر کئی پراجکٹس کیلئے کنٹراکٹرس سے بھاری رشوت حاصل کرنے کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے بھائی کشور کمار ریڈی بھی اراضی معاملتوں میں ملوث ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ چیف منسٹر کرن کمار ریڈی قیمتی سرکاری اراضیات رشوت حاصل کرتے ہوئے کم قیمت پر خانگی کمپنیوں کو مختص کررہے ہیں۔
چیف منسٹر کے بھائی بھی متنازعہ اراضیات کی معاملتوں اور یکسوئی میں ملوث ہیں۔انہوں نے خبردار کیا کہ کرپشن کی وجہ سے ایک دن کرن کمار ریڈی بھی وائی ایس جگن موہن ریڈی کی طرح سلاخوں کے پیچھے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات کے بعد نئی حکومت ان الزامات کی تحقیقات کرے گی۔ گووردھن ریڈی نے کہا کہ کانگریس پارٹی کرپشن کو ہرگز معاف نہیں کرے گی۔انہوں نے بتایا کہ اے آئی سی سی کے 17جنوری سے شروع ہونے والے سیشن میں داغدار امیج رکھنے والے قائدین کو پارٹی سے خارج کرنے کیلئے قرارداد منظور کی جائے گی۔ پی گووردھن ریڈی نے تلگودیشم پارٹی صدر این چندرا بابو نائیڈو کے حالیہ بیانات پر انہیں بھی تنقیدوں کا نشانہ بنایا۔
انہوں نے کہا کہ چندرا بابو نائیڈو نے اقتدار کیلئے اپنے ہی خسر کی پیٹھ میں چھرا گھونپا تھا۔ انہوں نے کہا کہ چندرا بابو نائیڈو انصاف کی بات نہیں کررہے ہیں وہ کانگریس حکومت کی شروع کی گئی بہبودی اسکیمات کو سبوتاج کرنے کی بھی کوشش کررہے ہیں۔ کانگریس رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ بی جے پی چیف منسٹر گجرات نریندر مودی کی قیادت میں اقتدار پر واپسی کا خواب دیکھ رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام ایک فرقہ پرست لیڈر کو کبھی قبول نہیں کرسکتے اور کانگریس نائب صدر راہول گاندھی کی قیادت میں کانگریس اقتدار پر آئے گی اور مرکز میں یو پی اے III حکومت قائم ہوگی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ خواتین تحفظات بل کو پارلیمنٹ کے آئندہ سیشن میں منظور کرلیا جائے گا۔