کرن بیدی کے 2 ووٹر کارڈز ، الیکشن کمیشن مصروف تحقیقات

نئی دہلی۔28جنوری (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی کی وزارت اعلیٰ امیدوار کرن بیدی علحدہ پتوں کے ساتھ دو ووٹرشناختی کارڈس رکھتی ہیںاور الیکشن کمیشن نے اس مبینہ خلاف ورزی انکوائری شروع کردی ہے جبکہ عام آدمی پارٹی اور کانگریس نے اس مسئلہ کی جامع تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے ۔ الیکشن کمیشن کے ریکارڈ کے مطابق بیدی کو ادے پارک اور تالکٹورہ لین کے پتوں پر علحدہ ووٹرشناختی کارڈس جاری کئے ہیں۔ اس مسئلہ کے تعلق سے پوچھنے پر بیدی نے تبصرہ سے انکار کیا ۔الیکشن کمیشن کے عہدیداروں نے کہا کہ دو ووٹرشناختی کارڈس کا حصول ’’خلاف ورزی‘‘ ہے اور اس سارے مسئلہ کی جانچ کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کمیشن جائزہ لے رہا ہے آیا بیدی نے پہلے کارڈ کی منسوخی کیلئے درخواست دی تھی ،جس میں اُن کے پتے کے کالم میں تالکٹورہ لین درج ہے۔ عام آدمی پارٹی لیڈر اروند کجریوال نے بیدی کی جانب سے مبینہ خلاف ورزی کی جامع تحقیقات کا مطالبہ کیا، جب کہ کانگریس نے اُن کے خلاف فوجداری کارروائی کا تقاضہ کیا ۔

اس دوران کجریوال نے دعویٰ کیا کہ بی جے پی قائدین انہیں بتایا ہے کہ کرن بیدی کو ’’بھینٹ‘‘ چڑھایا جارہا ہے ۔ انہوں نے ایک ٹی وی چینل کو بتایا کہ وجئے گوئل ، ستیش اپادھیائے ، ہرش وردھن اُن کے خلاف سازش رچارہے ہیں ۔ کجریوال نے آج کئی اسمبلی حلقوں میں ریالیوں سے خطاب کیا لیکن ووٹروں سے بی جے پی اورکانگریس سے رشوت قبول کرلینے اور عام آدمی پارٹی کو ووٹ دینے سے متعلق متنازعہ ریمارکس کا اعادہ نہیں کیا ، جس پر انہیں الیکشن کمیشن انتباہ دے چکا ہے ۔ تاہم عام آدمی پارٹی کے ترجمان نے بتایا کہ کجریوال الیکشن کمیشن کے تحدیدی احکام کے خلاف ہائیکورٹ سے رجوع ہوں گے ۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کے بعد یہ قدم اٹھایا جائے گا لیکن فی الحال ہم کمیشن کے حکمنامہ کا مکمل احترام کرتے ہیں ۔ قبل ازیں کرن بیدی نے کجریوال پر شدید تنقید کرتے ہوئے ان کی رفاقت کو ’’نہایت مضرت رساں‘‘اور انہیں ’’منفی‘‘ شخص قرار دیا۔