کرن بیدی کی نسوانیت کیخلاف کمار وشواس کا ریمارک، بی جے پی چراغ پا

نئی دہلی 31 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی کی چیف منسٹر امیدوار کرن بیدی کی نسوانیت کے خلاف عام آدمی پارٹی کے لیڈر کمار وشواس کے ریمارکس پر احتجاج کرتے ہوئے بی جے پی نے آج الیکشن کمیشن سے رجوع ہوکر کارروائی کا مطالبہ کیا جبکہ کرن بیدی نے پولیس میں شکایت درج کرائی ہے۔ کمار وشواس نے کرن بیدی کی نسوانیت پر طنز کرتے ہوئے ریمارک کیا تھا۔ بی جے پی نے الیکشن کمیشن سے کہاکہ وہ عام آدمی پارٹی کی من مانی انتخابی مہم کا نوٹ لے۔ وشواس نے ان الزامات کی تردید کی ہے کہ اُنھوں نے بیدی کے خلاف اس طرح کے کوئی ریمارکس کئے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ اگر ان کے ریمارکس کا ثبوت پیش کیا جائے تو وہ سیاست سے سبکدوش ہوجائیں گے۔ کرن بیدی نے الزام عائد کیاکہ عام آدمی پارٹی لیڈر نے حالیہ انتخابی ریالی میں ان کے خلاف نسوانیت پر ریمارکس کئے ہیں۔ اگر عام آدمی پارٹی کی قیادت ازخود خواتین کے خلاف خراب سوچ رکھتی ہے تو پھر دہلی میں خواتین کے تحفظ کے لئے کیا معیار ہوگا۔ اس پارٹی کی نظر میں خواتین کی سکیوریٹی اور عزت کچھ نہیں ہے۔ اس پارٹی کا ذہن گندہ ہے۔ کرن بیدی نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر لکھا ہے کہ کمار وشواس نے ان کے خاتون ہونے کا غلط مطلب نکالا ہے۔ ان پر تنقید کرتے ہوئے بیدی نے کہاکہ یہ نسوانیت کے ریمارکس سراسر توہین آمیز ہیں اور اس کا قانونی جواز پیدا ہوتا ہے۔

تاہم وشواس نے ان الزامات کو مسترد کردیا اور بیدی پر الزام عائد کیاکہ وہ عوام کو گمراہ کررہی ہیں۔ مجھے حیرت ہورہی ہے کہ ٹی وی چیانلس اس ویڈیو کو نہیں دکھارہے ہیں۔ ان کے جلسوں میں کئی ٹی وی چیانلوں کے بے شمار کیمرے تھے وہاں پر الیکشن کمیشن کا بھی کیمرہ موجود تھا۔ یہ بی جے پی کا آن لائن چیانل ہے جو جب کبھی یہ محسوس کرتی ہے کہ وہ انتخابات میں ناکام ہونے والی ہے تو اس طرح کی افواہیں پھیلاکر عوام کو گمراہ کرتی ہے۔ یہ ان کا معمول کا حربہ ہے اور اس طرح کے عجلت پسندانہ بیانات دے کر عوام کے سامنے غلط بیانی سے کام لیتے ہیں۔ میں کرن بیدی کو چیلنج کرتا ہوں اور بی جے پی سے بھی کہتا ہوں کہ اگر وہ ان ریمارکس کو ثابت کر دکھائے اور میرے ریمارکس والے ویڈیوز دکھائے تو میں سرگرم سیاست سے سبکدوش ہوجاؤں گا۔ ورنہ کرن بیدی کو سیاست چھوڑ دینی ہوگی۔ اُنھوں نے کہاکہ اُنھوں نے جو کچھ ریمارکس کیا ہے،

بی جے پی کو نشانہ بنانے کے لئے تھے، کرن بیدی کے لئے نہیں۔ کمار وشواس نے کہاکہ میں نے یہ کہا تھا کہ بی جے پی کے لوگ ویسا کام کریں گے اور اس سے پہلے بھی میں نے یہی الفاظ دہرائے تھے کہ اچانک اب بی جے پی کو میرے ریمارکس خراب کیوں لگ رہے ہیں۔ ان کے پاس کوئی دوسرا مسئلہ نہیں ہے تو وہ اس طرح کی گمراہ کن باتیں پھیلارہے ہیں۔ یہ انتخابی مہم چلانے کا ایک حربہ ہے۔ عام آدمی پارٹی لیڈر نے کہاکہ بی جے پی انتخابات سے قبل مایوسی کا شکار ہوچکی ہے کیوں کہ اسے انتخابات میں شکست کا یقین ہوگیا ہے اس لئے وہ کئی مرکزی وزراء کو انتخابی مہم کے لئے مامور کیا ہے۔ اب ان کے پاس دہلی کے مسائل پر کوئی جواب ہی نہیں ہے تو وہ اس طرح کی افواہیں پھیلارہے ہیں اور عوام کو گمراہ کرنے ایف آئی آر داخل کررہے ہیں۔ کرن بیدی بھی امیت شاہ کے نظریہ پر عمل کررہی ہیں اور یہ ثابت کرنا چاہتی ہیں کہ وہ بی جے پی کی راہول گاندھی بن رہی ہیں انھیں اس کا اندازہ نہیں ہے کہ بی جے پی والے انہیں استعمال کررہے ہیں۔