کرن بیدی کو عدالت کا دھکہ ، سرکاری اُمور میں مداخلت پر روک

پڈوچیری۔ 30 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) مدراس ہائیکورٹ نے واضح کیا ہے کہ لیفٹیننٹ گورنرکرن بیدی کے پاس پڈوچیری حکومت کی روزمرہ کی سرگرمیوں میں مداخلت کرنے کی طاقت نہیں ہے۔پڈوچیری کی کانگریس حکومت اورلیفٹیننٹ گورنرکرن بیدی کے درمیان جاری تعطل کے معاملے میں اب مدراس ہائیکورٹ نے مداخلت کی ہے۔ ہائیکورٹ نے واضح کیا ہے کہ لیفٹیننٹ گورنر(ایل جی) کرن بیدی کے پاس مرکزکے زیراقتدارریاست کی روزمرہ کی سرگرمیوں میں مداخلت کرنے کی طاقت نہیں ہے۔عدالت کی اس ہدایت کے بعد ایل جی کرن بیدی اس مرکزکے زیراقتدارریاست کی حکومت سے کسی بھی فائل کے بارے میں نہیں پوچھ سکتی ہیں۔ اس کیساتھ ہی وہ نہ توحکومت کو کوئی حکم دے سکتی ہیں اورنہ ہی حکومت کی طرف کوئی حکم جاری کرسکیں گی۔واضح رہے کہ عدالت نے پڈوچیری کے وزیراعلیٰ وی نارائن سوامی اورکرن بیدی کے درمیان جاری سیاسی گھمسان اورحقوق کے دائرے سے متعلق ایک عرضی پرسماعت کرتے ہوئے یہ فیصلہ دیا ہے۔ نارائن سوامی کا الزام ہے کہ کرن بیدی کئی اہم پروجیکٹس سے متعلق فائلوں کوحکومت کے پاس نہیں بھیج رہی ہیں۔عدالت کے تبصرہ کے بعد کرن بیدی نے کہا کہ وزیراعلیٰ کے الزام پوری طرح بے بنیاد ہیں۔ ایسا پہلی بارہوا ہے کہ حکومت عوام کیلئے کام کررہی ہے۔ ابھی ہم فیصلے کی کاپی کا انتظارکررہے ہیں اوراسے پڑھ کرہی جواب دیں گے۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ نے بھی کہا ہے کہ وہ پہلے فیصلہ پڑھیں گے، اس کے بعد پھرکوئی ردعمل ظاہرکریں گے۔