پڈوچیری ۔ /4 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) لیفٹننٹ گورنر کرن بیدی نے آج وزیراعظم نریندر مودی کو ایک مکتوب روانہ کیا جس میں چیف منسٹر وی نارائن سوامی اور ان کے کابینی ساتھیوں کے ان پر عائد الزامات کی تفصیل بیان کی گئی ہے اور الزام عائد کیا گیا ہے کہ یہ لوگ فلاحی اسکیموں پر عمل آوری میں رکاوٹیں پیدا کررہے ہیں اور مسلسل ان پر الزامات عائد کررہے ہیں ۔ انہوں نے واٹس اپ کے ذریعہ اس مکتوب کی نقول مقامی ذرائع ابلاغ کے حوالے بھی کیں ۔ کرن بیدی آج ہی نئی دہلی سے واپس آئی ہیں ۔ مبینہ طور پر انہوں نے وزیراعظم سے کہا کہ چیف منسٹر اور ان کے چند کابینی ساتھیوں کے خلاف جھوٹے پروپگنڈہ سے وزیراعظم کو وقاف کروایا جائے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ لیفٹننٹ گورنر کا دفتر فلاحی اسکیموں پر عمل آوری میں رکاوٹ بن رہا ہے ۔ کرن بیدی نے کہا کہ یہ تمام الزامات حقیقت سے بعید اور جھوٹا پروپگنڈہ ہے ۔ کرن بیدی نے اس حقیقت کا حوالہ دیا کہ کوئی ایک دن بھی ایسا نہیں گزرتا جس میں انہوں نے عمر رسید افراد کا وظیفہ ادا کرنے کی ہدایت نہ دی ہو ۔ گزشتہ سال اکٹوبر اور نومبر میں 1,44,847 افراد ان کے احکام کے تحت وظیفہ پیرانہ سالی اسکیم سے استفادہ کرچکے ہیں ۔ انہوں نے فلاحی فنڈز کی غیر مجاز اور نامناسب خرچ کا بھی پتہ چلایا ہے اور اس کی اطلاع وزیراعظم کو دی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ معاملہ تحقیقات کیلئے سنٹرل ویجیلنس کمیشن کے سپرد کردیا گیا ہے ۔