کرن بیدی کا بی جے پی کی صفوں تک سفر ، مودی کا اہم رول

نئی دہلی ، 17 جنوری (سیاست ڈا ٹ کام) سابقہ آئی پی ایس آفیسر کرن بیدی کو اپنی صفوں میں لانے کیلئے بی جے پی کے اقدام کو اس میٹنگ کے دوران یقینی بنایا گیا جو انھوں نے پارٹی سربراہ امیت شاہ کے ساتھ وزیر فینانس ارون جیٹلی کی دارالحکومت میں قیام گاہ پر جمعرات کو دوپہر 1 بجے منعقد کی، جس سے بمشکل دو گھنٹے بعد اس تبدیلی کا باضابطہ اعلان کردیا گیا۔ ذرائع کے بموجب شاہ نے بیدی کی نریندر مودی سے وزیراعظم کی قیامگاہ پر دوپہر 1-30 بجے ملاقات کرائی، جب وزیراعظم نے 15 منٹ کی گفتگو کے دوران تجویز رکھی کہ کہ اگر پارٹی کو دہلی میں 7 فبروری کے انتخابات کے بعد اقتدار حاصل ہو تو بیدی کو چیف منسٹر منتخب کیا جائے گا۔ خواتین کی سلامتی، صحت و صفائی کلیدی مسائل ہیں اور مثبت طرزعمل کو ترجیح دی جائے گی۔ ذرائع نے مزید کہا کہ جیٹلی نے اس مسئلے پر بیدی کے ساتھ بات چیت ایک ہفتہ قبل شروع کی تھی جبکہ دونوں کی تین بار ملاقات ہوئی۔ ’’دہلی میں ووٹروں کے موڈ کے تعلق سے بی جے پی سروے میں ظاہر ہوا کہ بڑی تعداد طاقتور تر چیف منسٹر چاہتی ہے،‘‘ ایک ذریعہ نے یہ بات کہی۔ اس نے مزید کہا، ’’جہاں پارٹی کے پاس بڑی تعداد میں دوسری صف کے قائدین ہیں، وہیں نتائج سے اشارہ ملا کہ ووٹروں کے فیصلہ کن تناسب کو بی جے پی کے حق میں ووٹ دینے میں پس و پیش ہے کیونکہ کوئی طاقتور شخصیت برائے وزارت اعلیٰ کا فقدان ہے۔ اس سروے میں اشارہ ملا کہ کرن بیدی چیف منسٹری کیلئے مقبول پسند ہیں‘‘۔

ذرائع نے کہا کہ جمعرات کو جیٹلی کی قیام گاہ پر میٹنگ تک بی جے پی کے دہلی یونٹ والے قائدین کو بیدی سے متعلق سرگرمیوں کا کوئی علم نہ تھا۔ اُس روز دوپہر 2 بجے بی جے پی کے میڈیا سیل کو پریس کانفرنس کا اہتمام کرنے کیلئے کہا گیا تاکہ اس تبدیلی کا اعلان کیا جائے۔ ذرائع کے مطابق جیٹلی نے پہلے شاہ کو بیدی کی ممکنہ شمولیت کے تعلق سے واقف کرایا اور دیکھا کہ پارٹی سربراہ اس خیال کو قبول کرنے پر آمادہ ہیں۔ پھر انھوں نے سابقہ اعلیٰ پولیس عہدہ دار کے ساتھ پہلی میٹنگ شروع کی، جس کے بعد بات چیت میں تیزی پیدا ہوئی۔ اس گفت و شنید کی تفصیلات کا انکشاف کرتے ہوئے ذرائع نے کہا کہ جیٹلی نے بیدی سے اپنی پہلی میٹنگ کے دوران دریافت کیا آیا انھیں اس پارٹی میں شامل ہونے سے دلچسپی ہے جس پر انھوں نے جواب کیلئے کچھ وقت مانگا۔ اگلی میٹنگ موخر کرنی پڑی کیونکہ وزیر فینانس دارالحکومت سے باہر سفر پر تھے۔ پھر جیٹلی کی قیامگاہ پر متعاقب غوروخوض کے دوران اس معاملے میں جہت پیدا ہوئی۔ جہاں تک بیدی کی مودی کے ساتھ میٹنگ کا معاملہ ہے، ذرائع نے کہا کہ گفتگو کی شروعات متوقع خطوط پر ہوئی جبکہ دونوں نے دہلی انتخابات کے اپنے اندازوں کو پیش کیا اور آگے کی حکمت عملی بیان کی، جس میں اول الذکر نے خواتین کی سکیورٹی کا مسئلہ اور پولیس سسٹم کو اجاگر کیا۔ تب ہی وزیراعظم نے یہ موزوں چھیڑا کہ پارٹی برسراقتدار آنے پر کسے حکومت کی قیادت کرنی چاہئے۔