نئی دہلی 10 فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) دہلی انتخابات میں بدترین شکست کے بعد بی جے پی کی وزارت اعلی امیدوار رہی کرن بیدی نے آج پارٹی اور پارٹی ورکرس سے معذرت خواہی کی ہے اور کہا کہ وہ پارٹی کی امیدوں پر پوری نہیں اترسکیں۔ خود کرن بیدی کو بی جے پی کے طاقتور گڑھ سمجھے جانے والے حلقے کرشنا نگر میں شکست کا سامنا کرنا پڑیگا ۔ بیدی نے بی جے پی کی بدترین شکست کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ انہیں پارٹی کے اعلی قائدین بشمول نریندر مودی اور امیت شاہ سے پورا احترام اور پوری تائید حاصل ہوئی تھی ۔ اس کے علاوہ پارٹی کا عام کیڈر اور کارکن بھی ان کے ساتھ رہا تھا ۔ تاہم وہ ان سے معذرت خواہی کرتی ہیں کیونکہ وہ ان پر جس اعتماد اور ذمہ داری کا اظہار کیا گیا تھا اسے پورا کرنے میں ناکام رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک پولیس عہدیدار کی حیثیت سے اپنے پورے کیرئیر میں انہیں پہلی مرتبہ ایسی صورتحال ( بدترین شکست ) کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔
انہیں کبھی اس طرح کی صورتحال کا سامنا نہیں رہا تھا ۔ اس بات سے انکار کرتے ہوئے کہ انتخابی نتائج مودی حکومت پر استصواب عامہ رہے ہیں انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم مودی وزارت اعلی امیدوار نہیں تھے ۔ انہوں نے اپنے ٹوئیٹر پر بھی کہا کہ انہوں نے انتخابات میں کامیابی کیلئے ہر ممکن کوشش کی تھی اور اب نتائج کے بعد پارٹی شکست کی وجوہات کا جائزہ لے گی ۔ انہوں نے اپنے ٹوئیٹ میں کہا کہ وہ ان پر اعتماد کرنے پر پارٹی قیادت سے اظہار تشکر کرتی ہیں اور وہ پارٹی کے ہر کارکن سے معذرت خواہی کرتی ہیں کہ ان کی امیدوں کو پورا نہیں کرپائی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی شکست کی وجوہات کا جائزہ لے گی اور اپنا محاسبہ کریگی ۔