پڈوچیری کے چیف منسٹر نارائنا سوامی کا لفٹننٹ گورنر پر الزام
پڈوچیری۔ 21 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) پڈوچیری کے چیف منسٹر وی نارائنا سوامی نے آج لیفٹننٹ گورنر کرن بیدی پر اس مرکز کے زیرانتظام علاقہ میں عوام کی فلاح و بہبود اور ان کی بہتری کیلئے بنائی گئی اہم اسکیمات کو روبہ عمل لانے میں کئی رکاوٹیں پیدا کرنے کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے یہاں اخباری نمائندوں کو بتایا کہ لیفٹننٹ گورنر نے کہا تھا کہ کارڈ ہولڈرس کو چاول سربراہ کرنے کے بجائے حکومت اس کے مساوی رقم استفادہ کنندگان کے بینک اکاؤنٹ میں ڈائرکٹ بنیفٹ ٹرانسفر اسکیم کے تحت کریڈٹ کرسکتی تھی۔ چیف منسٹر نے کہا کہ جب خود لوگوں نے لیفٹننٹ گورنر کو حال میں ایک پڑوسی ولیج (کریمم بکم) کو ان کے دورہ کے دوران بتایا کہ حکومت کو انہیں چاول ہی سربراہ کرنا چاہئے اور کہا کہ وہ بینکس کے ذریعہ نقد رقم کی ادائیگی کو قبول کرنے کیلئے تیار نہیں ہیں تو پھر وہ کس طرح ایک مختلف موقف اختیا کرسکتی ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ کرن بیدی اس اسکیم پر عمل درآمد میں تاخیر کرتے ہوئے اور چاول اسکیم پر عمل درآمد میں رکاوٹیں ڈالتے ہوئے منتخبہ حکومت کو محض بدنام کررہی ہیں۔ چیف منسٹر پڈوچیری نے کہا کہ ہماری منتخبہ حکومت نے چاول سربراہ کرنے کا فیصلہ عوام سے کئے گئے وعدوں کو پیش نظر رکھتے ہوئے کیا ہے۔ اس اسکیم پر عمل درآمد کو کوئی روک نہیں سکتا۔ اس اسکیم پر عمل درآمد کرنے کیلئے خاطر خواہ فنڈس دستیاب ہیں۔ نارائنا سوامی نے جن کے مختلف مسائل پر لیفٹننٹ گورنر کیساتھ احتلافات ہیں، کہا کہ کرن بیدی کو چاول مفت سربراہ کرنے کی اس اسکیم پر عمل درآمد کیلئے حکومت کے ساتھ بھرپور تعاون کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو درپیش تمام مشکلات آئندہ چھ ماہ میں ختم ہوجائیں گے اور ہمیں اس وقت تک خاموش رہنا ہوگا۔