کرن ، جگن ، بابو پر تلنگانہ کی مخالفت کا الزام : ودیا ساگر راؤ

حیدرآباد /27 ڈسمبر ( این ایس ایس ) بی جے پی کے سینئیر لیڈر اور سابق مرکزی وزیر سی ایچ ودیا ساگر راؤ نے آج کہا کہ اسپیکر اسمبلی نادینڈلہ منوہر پر وائی ایس آر کانگریس کے صدر جگن موہن ریڈی کے سخت ریمارکس نامناسب ہیں ۔ مسٹر ودیا ساگر راؤ نے یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر کرن کمار ریڈی ، کڑپہ ایم پی جگن موہن ریڈی اور تلگودیشم پارٹی کے صدر چندرا بابو نایڈو ، قیام تلنگانہ کی مخالفت کر رہے ہیں اور اسمبلی میں بھی اس بل کی غیرمعقول انداز میں مخالفت کی جارہی ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ یہ بل صدر جمہوریہ سے رجوع کردیا جائے ۔ مسٹر ودیا ساگر راؤ نے کہا کہ 2014 کے انتخابات میں بی جے پی تنہا مقابلہ کرے گی۔ بی جے پی کی مرکزی قیادت بھی تلگودیشم سے مفاہمت کے معاملہ میں اپنی ریاستی یونٹ سے مشاورت کے بغیر کوئی فیصلہ نہیں کرے گی ۔