حیدرآباد / کرنول 24 فبروری ( این ایس ایس ) رائلسیما پری رکھشنا سمیتی بنانے والے بائی ریڈی راج شیکھر ریڈی نے آج دو روزہ بھوک ہڑتال شروع کی ۔ ان کا مطالبہ ہے کہ کرنول کو سیما آندھرا کا درالحکومت بنایا جائے ۔ انہوں نے بھوک ہڑتالی کیمپ میں اپنے حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حیدرآباد ریاست کے سیما آندھرا میں انضمام کے وقت دارالحکومت کو کرنول سے حیدرآباد منتقل کرنے سے رائلسیما علاقہ کا بھاری نقصان ہوا ہے ۔ اب چونکہ ریاست تقسیم ہو رہی ہے اس لئے انضمام سے قبل کی طرح سیما آندھرا کا دارالحکومت کرنول ہی کو بنایا جانا چاہئے ۔ انہوں نے علاقہ میں ترقی کیلئے تعلیم ‘ ملازمتوں اور صنعتی ترقی کو یقینی بنانے پر زور دیا ہے ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ مفاد پرست قائدین کی وجہ سے رائلسیما علاقہ کا بھاری نقصان ہوتا جارہا ہے ۔