کرنول کو سیما۔ آندھرا کا صدر مقام بنانے تحریک شروع کرنے کا اعلان

مرکزی مملکتی وزیر ریلوے سوریہ پرکاش ریڈی کا بیان

حیدرآباد /28 فروری (سیاست نیوز) تقسیم ریاست کی مخالفت کرنے والے مرکزی مملکتی وزیر ریلوے کوٹلہ سوریہ پرکاش ریڈی نے کرنول کو سیما۔ آندھرا کا دارالحکومت بنانے کے لئے مرکزی حکومت سے نمائندگی کا فیصلہ کیا اور اس سلسلے میں تحریک شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ واضح رہے کہ ریاست کو متحد رکھنے کی جدوجہد کرنے والے سیما۔ آندھرا کے قائدین ریاست کی تقسیم کے بعد نئی راجدھانی کے لئے آپس میں ایک دوسرے سے ٹکرا رہے ہیں۔ رائلسیما قائدین کا تاثر ہے کہ آندھرا پردیش کی تشکیل سے قبل کرنول سیما۔ آندھرا کا صدر مقام تھا، تاہم تلگو عوام کے اتحاد کے لئے رائلسیما کے عوام نے راجدھانی کی قربانی دیتے ہوئے حیدرآباد کو ریاست کے صدر مقام کی حیثیت سے قبول کیا تھا۔ اب جب کہ ریاست کی تقسیم ہو گئی ہے تو کرنول کو سیما۔

آندھرا کی راجدھانی بنانے کا مطالبہ زور پکڑ رہا ہے۔ مسٹر سوریہ پرکاش ریڈی نے کہا کہ ریاست کی تقسیم سے سب سے زیادہ نقصان علاقہ رائلسیما کا ہوا ہے، لہذا ساحلی آندھرا کے قائدین نئے صدر مقام کے لئے کوئی دباؤ نہ ڈالیں، بلکہ کرنول کو نئی راجدھانی بنانے کے معاملے میں تعاون کریں۔ انھوں نے کرنول میں نئی ریلوے کوچ فیکٹری کے قیام کے سلسلے میں سرگرم رول ادا کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس تعلق سے مرکزی حکومت سے نمائندگی کرچکے ہیں، جس پر مرکزی حکومت سنجیدگی سے غور کر رہی ہے۔