کرنول میں 11 نکسلائٹس گرفتار

حیدرآباد 5 مئی (پی ٹی آئی) آندھراپردیش کے ضلع کرنول میں پولیس نے آج دعویٰ کیاکہ ممنوعہ سی پی آئی (ایم ایل) جن شکتی نکسلائٹس گروپ کے چند ارکان کی جانب سے اجلاس منعقد کرنے کی کوششوں کو ناکام بناتے ہوئے 11 افراد کو گرفتار کرلیا جن میں گروپ لیڈر پورا راجنا بھی شامل ہے۔ ایک سینئر پولیس عہدیدار نے کہاکہ بشمول راجنا، جن شکتی گروپ کے ارکان موہن ریڈی کے گھر پر جمع ہوئے تھے اور پارٹی کو دوبارہ متحرک بناتے ہوئے دلم کے قیام کی کوشش کررہے تھے۔ فنڈس جمع کرتے ہوئے اسلحہ کی خریدی کے منصوبہ بھی بنائے جارہے تھے۔ 2002 ء کے دوران سی پی آئی (ایم ایل) جن شکتی گروپ کے تقریباً 46 ارکان نے خود کو آندھراپردیش پولیس کے سپرد کردیا تھا۔ یہ گروپ ماضی میں متحدہ آندھراپردیش کے مختلف مقامات پر قتل کی کئی وارداتوں کے علاوہ تشدد کے واقعات کا ذمہ دار بتایا گیا ہے۔