بیجنگ،24جولائی (سیاست ڈاٹ کام) چین نے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کا تجارتی فائدے کے لیے کرنسی کو جان بوجھ کرکمزور رکھنے کا الزام مسترد کردیا ہے اور کہاکہ ٹرمپ تجارتی جنگ بھڑکانے پر بضد ہیں۔گزشتہ جمعہ کو صدر ٹرمپ نے یوروپی یونین اور چین پر کرنسی کی قدر مصنوعی طور پر کم رکھنے کا الزام لگایا تھا تاکہ تجارتی فائدہ حاصل کیا جا سکے ۔چینی وزارت خارجہ نے پیر کو بیجنگ میں معمول کی بریفنگ کے دوران امریکی الزام کی تردید کرتے ہوئے کہاکہ یوآن کی قدر کا تعین مارکیٹ فورسز کرتی ہیں۔ چین کی کسی سے مقابلے میں کرنسی کی قدر میں کمی لا کر ایکسپورٹ بڑھانے کی کوئی خواہش نہیں۔وزارت خارجہ کے ترجمان گینگ شوانگ نے صحافیوں کے سوال پر کہاکہ امریکہ تجارتی جنگ کو بھڑکانے پر تلا ہوا ہے مگر چین تجارتی جنگ چاہتا ہے نہ اس سے خوف زدہ ہے ، ضرورت پڑنے پر مقابلہ کیا جائے گا، چینی عوام کو ڈرایا اور دھمکایانہیں جا سکتا۔