نئی دہلی 29نومبر (سیاست ڈاٹ کام )نوٹوں کی منسوخی کے خلاف مرکز کی بی جے پی زیرقیادت حکومت کی حلیف جماعت تلگودیشم کے رکن پارلیمنٹ این شیوا پرساد نے پارلیمنٹ کے احاطہ میں گاندھی جی کے مجسمہ کے قریب انوکھا احتجاج کیا ۔ اداکار سے سیاست داں بننے والے شیوا پرساد مختلف مسائل پر انوکھے احتجاج کیلئے مشہور ہیں،انہوں نے نوٹوں کی منسوخی کے خلاف آج آدھا کالا ،سفید شرٹ اور پتلون پہن کر احتجاج کیا ۔ ان کے اس احتجاج نے میڈیا کی توجہ حاصل کرلی ۔ اس شرٹ پر ایک طرف غریبوں کی تصاویر پریشانی کی حالت میں لگائی گئی تھی تو دوسری طرف شرٹ کے کالے حصہ پر کارٹونس کے ذریعہ ان غریبوں کا مذاق اڑایا گیا ۔اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے شیوا پرساد نے الزام لگایا کہ وزیر اعظم نے نوٹوں کی منسوخی کی مہم شروع کی ہے جس سے کالا دھن رکھنے والوں کو مدد مل رہی ہے اور اس سے عام آدمی تمام پہلووں سے متاثر ہوگیا ہے ۔ انہو ں نے عوام کو درپیش مشکلات کی مثالیں دیتے ہوئے نوٹوں کی منسوخی پردیئے گئے بیان کا دفاع کیا ۔