ایک لاکھ سے زائد ایپل 7 فون کی فروختگی ، غیر محسوب رقومات رکھنے والوں کی نئی دوڑ
حیدرآباد۔30نومبر(سیاست نیوز) ملک میں کرنسی کی تنسیخ کے اندرون تین یوم ایپل۔7فون ایک لاکھ فروخت ہو چکے ہیں۔ غیر محسوب رقومات رکھنے والوںنے تیزی کے ساتھ قیمتی اشیاء کی خریدی کی طرف دوڑ لگانی شروع کردی جس کے نتیجہ میں ماہ اکٹوبر کے دوران بازار میں آئے ایپل کے نئے فون کی خوب فروخت ریکارڈ کی گئی لیکن کیا یہ فون کی خریدی نے ان خریداروں کو محفوظ کردیا ہے یا پریشانی میں مبتلاء کیا ہے یہ کہا جانا ابھی قبل از وقت ہوگا کیونکہ 8نومبر کے بعد خریدے گئے ان فونس کے ریکارڈس حکومت کو بہ آسانی دستیاب ہوجائیں گے اور ان بھاری موبائیل فونس کے خریداروں کی تفصیلات جمع کرنا بھی حکومت کیلئے کوئی مشکل کام نہیں ہے۔ مرکزی حکومت کی جانب سے بڑے کرنسی نوٹوں کی تنسیخ کے اعلان کے ساتھ ہی بازاروں میں ریکارڈ کی گئی گراوٹ اور مندی کو دیکھتے ہوئے تاجرین نے نئی کرنسی اور پرانی کرنسی کے عوض خریدے جانے والے اشیاء کی قیمتوں کو بھی تبدیل کردیا لیکن اس تبدیلی کے باوجود خریدے گئے ان قیمتی موبائیل فونس کی تفصیلات اکٹھا کی جا سکتی ہیں اور یہ تفصیلات جمع کرنا سب سے زیادہ آسان ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ 8نومبر کی شب حکومت کے اعلان کے اندرون تین یوم سونے ‘ ہیرے اور دیگر قیمتی اشیاء کے علاوہ موبائیل فون کی فروخت میں بھی زبردست اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے اور بہت جلد8نومبر کے بعدخریدے گئے ایپل ۔7فون استعمال کرنے والے صارفین کی تفصیلات بھی حکومت حاصل کرلے گی جس کے ذریعہ ان افراد تک رسائی آسان ہوجائے گی جنہوں نے پرانے کرنسی کو خرچ کرنے کی کوشش کی اور جہاں تک ممکن ہوسکا ان غیر محسوب رقومات کو اثاثوں میں تبدیل کروالیا ہے۔ اسی طرح حکومت کی جانب سے سونے کی خریدی کرنے والوں کے ریکارڈ بھی جمع کئے جا سکتے ہیں کیونکہ 8نومبر کی شب اعلان کے ساتھ ہی بھاری رقومات رکھنے والوں نے سونے کی خریدی کے ذریعہ نوٹوں کی تبدیلی کو یقینی بنالیا ہے۔ایپل۔6اورایپل۔7فون کی قیمت جو کہ 55000سے 90000کے درمیان ہے ان فونوں کی فروخت میں 26تا30فیصد اضافہ ریکارڈ کئے جانے کے سبب حکومت اور محکمہ انکم ٹیکس کی توجہ اس جانب مبذول ہونے لگی ہے اور وہ اس بات کی کوشش کر رہے ہیں کہ ان فونوں کے استعمال کرنے والوں کی تفصیلات حاصل ہوجائیں۔ذرائع کے بموجب جاریہ ماہ نومبر کا اگر سال گذشتہ ان ایام میں ہوئی فروخت سے تجزیہ کیا جائے تو یہ فروخت 30فیصد تک اضافہ ریکارڈ کی گئی ہے۔دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد کے علاوہ ملک کے بڑے شہروں دہلی‘ ممبئی‘ کولکتہ‘ چینائی‘ احمدآباد‘ لکھنؤ‘ نوئیڈا کے علاوہ کئی شہروں میں ایپل۔6اور ایپل۔7موبائیل کی فروخت میں زبردست اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔