بنگلورو ، 23 جون (سیاست ڈاٹ کام) کرناٹک کے نئے وزیر امور حج ضمیر احمد خان نے الزام عائد کیا ہے کہ سفر حج کے نام پر عازمین حج کو لوٹا جارہا ہے۔ انہوں نے استفسار کیا کہ مرکزی حج کمیٹی عازمین حج سے کیوں زائد رقم وصول کررہی ہے؟ ضمیر خان نے اس پورے معاملے میں اشاروں ہی اشاروں میں ہیراپھیری کا بھی الزام عائد کیا ہے۔ مختلف اخراجات کی تفصیلات پیش کرتے ہوئے ضمیر خان نے کہا کہ موجودہ طور پر ایک عازم ایک لاکھ 30 ہزار سے ایک لاکھ 40 ہزار روپئے میں حج کا سفر مکمل کرسکتا ہے، لیکن مرکزی حج کمیٹی فی عازم 2 لاکھ 26 ہزار روپئے کیوں وصول کررہی ہے۔ کرناٹک کے نئے وزیر حج کے مطابق یہ ایک طرح سے عازمین حج کا استحصال اور لوٹ کا معاملہ دکھائی دے رہا ہے۔