کرناٹک کے بارہ شہروں کے سابقہ نام تبدیل

حیدرآباد ۔ 5 ۔ نومبر : ( راست ) : حکومت کرناٹک نے اسپیشل گزٹ نوٹیفیکیشن جاری کرتے ہوئے یکم نومبر سے کرناٹک کے بارہ شہروں کے سابقہ ناموں کو تبدیل کرتے ہوئے نئے نام دئیے ہیں ۔ کہا گیا ہے کہ انگریزی (Angalise) ناموں کو مقامی عوام کی زبان میں تبدیل کیا گیا ہے ۔ لیکن یہ صحیح نہیں ہے ۔ انگریزوں کے آنے سے پہلے شہر گلبرگہ بہمینہ سلطنت کا دارالخلافہ تھا ۔ اس کی وجہ تسمیہ کیا ہے تاریخ کے ماہرین جانتے ہیں ۔ لیکن بظاہر دو الفاظ گل (پھول ) اور برگ ( پتی ) پھول کی پتی مرکب لفظ نظر آتا ہے ۔ اب اس کا نام کلا بُراگی (Kalaburagi) رکھا گیا ہے ۔ یہ نام کیوں رکھا گیا ۔ جناب قمر الاسلام جو گلبرگہ سے منتخب ہوئے ہیں اور حکومت کرناٹک کے وزیر ہیں اس کی وضاحت کرسکتے ہیں ۔ کلابراگی کی میونسپل کونسل درگاہ حضرت خواجہ بندہ نوازؒ ( گلبرگہ شریف ) کو ’ بندہ نواز سمادھی کلابراگی ‘ میں بدل سکتے ہیں اور ہفت گنبد کو ’ ستیہ سمادی کلابراگی ‘ میں بدل سکتے ہیں ۔ ایک اور شہر بیجا پور کا نام بھی بدل کر ’ وجئے پورہ ‘ رکھا گیا ہے ۔ بیجاپور بھی ایک تاریخی شہر ہے ۔ انگریزوں سے پہلے عادل شاہی حکومت کا دارالخلافہ تھا ۔ بیجا پور کی تاریخی گول گنبد جس کا ورلڈ ہیرٹیج میں شمار ہے ۔ اب وجئے پورہ کی گنبد کہلائے گی ۔ بیجا پور کا نام بدل کر وجئے پورہ رکھنے کا کیا پس منظر ہے کس کی کس پر وجئے ( فتح ) ہوئی ہے ۔ نریندر مودی وزیر اعظم نے 30 اکٹوبر کو دہلی میں یکتا نواس ( اتحاد کا دن ) مناتے ہوئے کہا کہ جو ’ ملک اپنی تاریخ بھلاتا ہے وہ تاریخ نہیں بناسکتا ‘ ہے ۔۔