نئی دہلی : کرناٹک میں کمار سوامی کی حکومت کو کمزور کرنے کے لئے مسلسل سازش کرنے والی بی جے پی کوسخت جواب دیتے ہوئے جنتا دل سیکولر (جے ڈی ایس )کے قومی سکریٹری جنرل دانش علی نے کہا کہ وہ کیا ہمارے اراکین کو توڑیں گے جب کہ وہ خود محفوظ نہیں ہے ۔
انھوں نے کہا کہ اگر یدی یورپا یہ دعوا کرتے ہیں کہ کانگریس کے کئی اراکین اسمبلی ان کے رابطہ میں ہے تو ہم یہ بتانا چاہتے ہیں کہ بی جے پی کے اس سے کئی گنا زیادہ اراکین اسمبلی ہمارے رابطے میں ہیں اور ہم جب چاہیں گے وہ ہماری حکومت میں ہو ں گے ۔
صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کنور دانش علی نے کہا کہ یہ جو افواہ پھیلائی جارہی ہے کرناٹک کی حکومت کمزور ہے یہ بالکل غلط ہے ۔انہوں نے کہا کہ کانگریس او رجے ڈی ایس اتحاد بہت مضبوط ہے ۔انہوں نے کہا کہ کوآرڈینیشن کمیٹی کا پہلا اجلاس ۱۴؍ جون کو منعقد ہوگا جس میں بہت سارے سوالوں کا خلاصہ کیا جائے گا
۔واضح رہے کہ کرناٹک حکومت کی ۵؍ رکنی کو آرڈینشن کمیٹی کے کنوینر کنور دانش علی ہے ۔اس میں کرناٹک کے وزیر اعلی کمار سوامی او رنائب وزیر اعلی اورسابق وزیر اعلی بھی شامل ہیں ۔ایک سوال کے جواب میں دانش علی نے کہا کہ یقیناًکانگریس پر اعتماد اس لئے بڑھا ہے کہ اب کانگریس نے اپنے رویہ میں بڑی تبدیلی کی ہے اوراسی تبدیلی کا نتیجہ ہے کہ بی جے پی پوری طرح بوکھلائی ہوئی ہے ۔
انھوں نے کہا کہ کانگریس صدر راہل گاندھی کرناٹک کے معاملہ میں بہت فکر مندہیں ۔انھوں نے کہا کہ کرناٹک میں جب قلم داں کو لے کر بحث و مباحثے چل رہے تھے تو لوگ کہہ رہے تھے کہ ایسے موقع پر راہل گاندھی کانگریس کو چھوڑکرامریکہ چلے گئے لیکن حقیقت یہ ہے کہ وہ اپنی والدہ کے علاج کے لئے گئے تھے۔