کرناٹک کی ریاستی الیکشن کمیٹی کو راہول کی منظوری

چیف منسٹر اور کانگریس کے انچارج اُمور کرناٹک کے علاوہ تمام ارکان پارلیمنٹ ممبرس
نئی دہلی ۔ 25فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) صدرکانگریس راہول گاندھی نے آج 43ویں رکنی ریاستی انتخابی کمیٹی کی ریاست کرناٹک کیلئے منظوری دے دی جہاں عنقریب انتخابات ہونے والے ہیں ۔ اس ریاست میں ریاستی پارٹی صدور کے انتخابات بھی عنقریب مقرر ہیں ۔ چیف منسٹر سدارامیا کے علاوہ کُل ہند کانگریس کمیٹی کے جنرل سکریٹری انچارج اُمور کرناٹک اور تمام پارٹی ارکان پارلیمنٹ ریاستی انتخابی کمیٹی کے ارکان ہوں گے ۔ پارٹی کے جنرل سکریٹری جناردھن دویدی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ریاست کے سینئر پارٹی قائدین ملکارجن کھرگے ‘ بی کے سیوا کمار ‘ دنیش گنڈوراؤ ‘ ایس آر پاٹل ‘ ویراپا موئیلی‘ آسکر فرنانڈیز ‘ مارگریٹ الوا اور مسٹر پرساد کمیٹی میں شامل ہوں گے ۔ جنوبی ریاست کرناٹک میں فی الحال کانگریس برسراقتدار ہے اور یہاں آئندہ چند ماہ میں 224رکنی موجودہ اسمبلی کی معیاد 28مئی کو ختم ہوجائے گی ۔

اس سے قبل اسمبلی انتخابات منعقد کردیئے جائیں گے ۔ بی جے پی کانگریس کو اقتدار سے بیدخل کرنے کی جان توڑ کوشش کررہی ہے ۔ جب کہ کانگریس نے کرناٹک اسمبلی انتخابات میں سابق چیف منسٹر بی ایس یدی یورپا کی بھرپور مخالفت کا عہد کیا ہے جو بی جے پی کے سینئر قائد ہیں ۔ جنتادل (سیکولر) ریاست کی ایک اور بڑی سیاسی پارٹی ہے جو دونوں بڑی پارٹیوں کے حکومت تشکیل دینے سے قاصر رہنے اور اپنے بل بوتے پر اکثریت حاصل نہ کرسکنے کی صورت میں ’’باد شاہ گر‘‘ کا کردار ادا کرسکتی ہے ۔ جنتادل ( سیکولر) نے بہوجن سماج پارٹی کے ساتھ انتخابی اتحاد کا اعلان کیا ہے ۔ مایاوتی جلد از جلد اپنا موقف مستحکم بنانا چاہتی ہیں تاکہ اترپردیش کے آئندہ اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کے یوگی آدتیہ ناتھ کو اقتدار سے بیدخل کرسکیں ۔ مبصرین کے بموجب کرناٹک میں بی جے پی اور کانگریس کا سخت مقابلہ ہوگا ۔

 

وجئے پور میں راہول گاندھی نے ورکشا تھان کو جھنڈی دکھاکر روانہ کیا
وجئے پور(کرناٹک) ۔25فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) صدر کانگریس راہول گاندھی نے آج ورکشا تھان کو جھنڈی دکھاکر روانہ کیا ۔ اس دوڑ کا مقصد ماحولیات ‘ پانی کی بچت اور درختوں کے تحفظ کے بارے میں عوام کا شعور بیدار کرنا ہے ۔ دوڑ میں شامل افراد زرد ٹی شرٹ پہنے ہوئے تھے اور زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے عوام جمع ہوگئے تھے ۔ دوڑ میں عادل شاہی خاندان کے چشم و چراغ حامد عادل شاہ بھی شرکت کرنے والے ہیں ۔ ان کا خاندان عادل شاہی مملکت بیجاپور پر برسراقتدار تھا ۔