پٹنہ/پاناجی/ امپھال۔ 18 مئی (سیاست ڈاٹ کام) کرناٹک کی سیاسی تبدیلیوں کے ارتعاشی اثر میں آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو نے کانگریس، ہندوستانی عوام مورچہ اور سی پی آئی ایم ایل قائدین کے ہمراہ آج گورنر ستیہ پال ملک سے ملاقات کی اور بہار میں حکومت تشکیل دینے کا دعوی پیش کیا۔ اسی طرح کرناٹک کی مثال پیش کرتے ہوئے گوا اور منی پور میں بھی اپوزیشن کانگریس نے دونوں ریاستوں میں اپنی حکومت تشکیل دینے کا دعوی کیا ہے۔ پٹنہ میں گورنر کے ساتھ ملاقات کے دوران تیجسوی نے مطالبہ کیا کہ ریاست میں آر جے ڈی واحد بڑی پارٹی ہے اور ماقبل چنائو واحد بڑے اتحاد کو تشکیل حکومت کے لیے مدعو کیا جانا چاہئے۔ راج بھون کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت میں تیجسوی نے بتایا کہ ہم نے گورنر سے ملاقات کی اور ایک یادداشت پیش کرتے ہوئے بیان کیا کہ ہمیں 111 ایم ایل ایز کی حمایت حاصل ہے جو ہماری اپنی پارٹی کے ساتھ ساتھ ہمارے حلیفوں کانگریس اور ہندوستانی عوام مورچہ کے علاوہ سی پی آئی ایم ایل کی عددی طاقت ہے۔ ہم نے کہا کہ ہمارے پاس 111 ایم ایل ایز یکجا ہیں اور اگر ہمیں ایوان میں عددی طاقت کی آزمائش کے لیے کہا جاتا ہے تو ہمیں کامیابی کا اعتماد ہے کیوں کہ مزید لیجسلیٹرس ہمارے حق میں ووٹ دینے کا امکان ہے۔ اسمبلی میں اپوزیشن کے لیڈر تیجسوی نے کہا کہ ہم یہ نکتہ ثابت کرنے کی کوشش کررہے ہیں کہ ملک بھر میں ایک قاعدہ ہونا پڑے گا۔ اگر کرناٹک کے گورنر کا بی جے پی کو مدعو کرنے کا فیصلہ اس بنیاد پر ہے کہ وہ واحد بڑی جماعت ہے تو پھر یہی کسوٹی کا بہار میں بھی اطلاق ہونا چاہئے۔ آر جے ڈی ریاست میں واحد بڑی جماعت ہونے کے ناطے یہاں تشکیل حکومت کا موقع دیئے جانے کی مستحق ہے۔ 243 رکنی بہار اسمبلی میں آر جے ڈی 80 ایم ایل ایز کے ساتھ واحد بڑی پارٹی ہے جبکہ جے ڈی یو کے 71 اور بی جے پی کے 53 لیجسلیٹرس ہیں۔ این ڈی اے میں شامل ایل جے پی اور راشٹریہ لوک سمتا پارٹی کے دو ، دو نشستیں ہیں۔ کانگریس کے 27 ایم ایل ایز ہیں۔ گوا میں کانگریس لیجسلیٹیو پارٹی نے چندرکانت کائولیکر کی قیادت میں گورنر مردولا سنہا سے راج بھون میں ملاقات کی اور ایک مکتوب پیش کرتے ہوئے خواہش کی کہ پارٹی کو ایوان میں اپنی اکثریت ثابت کرنے کے لیے مدعو کیا جائے۔ پارٹی نے کہا کہ اس نے گورنر کو اپنی درخواست پر فیصلے کے لیے 7 یوم کا وقت دیا ہے۔ اس ملاقات کے دوران کانگریس کے 16 کے منجملہ 14 لیجسلیٹرس موجود تھے۔ کیوں کہ ان میں سے ایک ملک سے باہر ہے جبکہ ایک دیگر شریک دواخانہ ہے۔ گورنر سے ملاقات 15 منٹ کی رہی۔ ادھر امپھال میں بھی کانگریس وفد نے آج کارگزار گورنر جگدیش موکھی سے راج بھون میں ملاقات کرکے اپنا دعویٰ پیش کیا۔