کرناٹک کابینہ توسیع : راہول ۔دیوے گوڑا مذاکرات

بنگلورو ۔ یکم جون (سیاست ڈاٹ کام) صدر کانگریس راہول گاندھی نے آج جے ڈی ایس کے صدر و سابق وزیراعظم ایچ ڈی دیوے گوڑا سے ٹیلیفون پر بات چیت کی۔ حالانکہ فریقین وزارت میں توسیع کے سنگین مسئلہ پر بات چیت میں مصروف ہیں۔ دانش علی سکریٹری جنرل جے ڈی ایس نے کہاکہ وزارت کی تشکیل کے بارے میں ہر معاملے کو قطعیت دی جاچکی ہے۔ وزارتیں مختص کردی گئی ہیں۔ اقل ترین مشترکہ پروگرام طے کیا جاچکا ہے۔ راہول جی نے دیوے گوڑا جی سے اِس مسئلہ پر بات چیت کی تھی۔ راہول گاندھی پہلے ہی اقتدار میں شراکت داری کے انتظامات کے بارے میں اپنی پارٹی کے قائدین سے اور امریکہ میں زیرعلاج اپنی والدہ سونیا گاندھی سے ٹیلیفون پر تبادلہ خیال کرچکے ہیں۔