کرناٹک نے فصل بیمہ اسکیم سے استفادہ نہیں کیا:مودی

بنگلورو ۔ 2 مئی ۔( سیاست ڈاٹ کام ) وزیراعظم نریندر مودی نے آج اسمبلی انتخابات والے کرناٹک میں سدارامیا حکومت پر سخت تنقید کی کہ وہ کسانوں کی زبوں حالی کے تئیں بے حسی کا برتاؤ کررہی ہے اور فصل بیمہ اسکیم پر موثر انداز میں عملدرآمد نہیں کررہی ہے ۔ انھوں نے زور دیاکہ کسانوں کی بھلائی اُن کی حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔ کئی ریاستوں بشمول کرناٹک کاشتکاری کے مسائل کے سبب تنقیدوں کی زد میں رہنے والی خود اپنی حکومت کا موقف بہتر بنانے کی کوشش میں مودی نے کسان برادری سے تعلق خاطر کا اظہار کیا۔ انھوں نے کہاکہ زراعت ، دیگر متعلقہ مسائل کے تئیں ہماری حکومت کا عملی طرزعمل رہا ہے اور بیجوں کی خریداری سے لے کر فصلوں کی کٹائی اور پھر اُنھیں مارکٹ تک پہنچانے یعنی مختصراً کہیں تو بیج سے بازار تک ہم کسانوں کو مضبوط بنانے کی سمت کام کررہے ہیں۔ وہ بی جے پی کسان مورچہ ورکرس سے نریندر مودی ایپ کے ذریعہ مخاطب تھے۔ انھوں نے کرناٹک کی کانگریس حکومت کو ہدف تنقید بنایا کہ فصل بیمہ اسکیم پر نامناسب انداز میں عمل آوری کی وجہ سے فصل نقصان کی صورت میں کسانوں کو ناقابل بیان صورتحال کا سامنا کرنا پڑ رہاہے ۔ مجھے کرناٹک سے پردھان منتری فصل بیمہ یوجنا کے تعلق سے شکایت وصول ہوتی رہتی ہیںلیکن ہمارے ایک ایم پی نے اپنے حلقہ میں شاندار کام کرتے ہوئے کسان مورچہ ورکرس کی مدد کی ہے ۔ تاہم انھوں نے ایم پی کا نام نہیں لیا ۔ مودی نے کہاکہ کرناٹک حکومت کے رویہ میں استقلال نہیں ۔ وہ اُن فائدوں سے صرف نظر کررہی ہے جو پردھان منتری فصل بیمہ یوجنا سے کسان کو حاصل ہوسکتے ہیں۔ کرناٹک میں گزشتہ پانچ سال کے دوران تین سیزن خشک سالی کے رہے جس کے نتیجہ میں فصل کا بڑا نقصان ہوا ہے ۔ مودی کا کہنا ہے کہ اگر ریاستی حکومت فعال رہتی تو وہ خشک سالی سے نمٹتے ہوئے کسانوں کو نقصان کی پابجائی کرنے میں مدد کرتی۔