کرناٹک میں گالی جناردھن ریڈی بی جے پی کی مدد کیلئے متحرک

کانگریس اور جے ڈی ایس ارکان سے رابطہ کی خبریں
حیدرآباد۔/18 مئی، ( سیاست نیوز) بی جے پی نے کرناٹک میں حکومت کو اکثریت کے حصول کیلئے درکار تائید کے انتظام کی ذمہ داری بیلاری کے مائننگ تاجر گالی جناردھن ریڈی اور ان کے بھائی کو سونپی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ کرناٹک میں یدی یورپا حکومت کو اکثریت ثابت کرنے کیلئے مزید 7 ارکان کی ضرورت ہے کیونکہ بی جے پی کے پاس 104 ارکان موجود ہیں۔ کانگریس اور جنتا دل سیکولر کے علاوہ بعض آزاد ارکان میں سے کسی طرح 7 کو حکومت کے حق میں کرنے کی کوششوں کا آغاز ہوچکا ہے۔ بی جے پی نے گالی جناردھن ریڈی اور ان کے بھائی کے علاوہ گالی جناردھن ریڈی کے قریبی دوست بی سری راملو کو تمام اختیارات کے ساتھ ارکان سے ربط قائم کرنے کی اجازت دی ہے۔ حکومت کو کل ہفتہ کے دن اسمبلی میں اکثریت ثابت کرنا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ گالی جناردھن ریڈی نے بھروسہ دلایا ہے کہ اسمبلی میں کسی طرح حکومت کو درکار اکثریت ثابت کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ اطلاعات کے مطابق جناردھن ریڈی اور ان کے ساتھیوں نے کانگریس کے 2 ارکان اسمبلی سے ربط قائم کیا ہے جنہوں نے بی جے پی کی تائید کا یقین دلایا۔ کانگریس ارکان اسمبلی کی حیدرآباد منتقل کے وقت 2 ارکان موجود نہیں تھے۔ کانگریس کے حلقے اگرچہ ان ارکان کے بارے میں کچھ بھی کہنے سے گریز کررہے ہیں لیکن بی جے پی کا ماننا ہے کہ یہ ارکان اسمبلی میں حکومت کی تائید کریں گے۔ ارکان کو انحراف کیلئے وزارت اور اسمبلی حلقہ کی ترقی کیلئے بھاری فنڈز کا تیقن دیا جارہا ہے۔ کانگریس اور جنتا دل سیکولر اگرچہ اپنے ارکان کے انحراف نہ کرنے کے بارے میں مطمئن ہیں لیکن اعتماد کے ووٹ کے موقع پر ارکان کا موقف کیا ہوگا اس کا اندازہ کل اسمبلی میں ہوگا۔ اسی دوران گالی جناردھن ریڈی اور ان کے ساتھی سری راملو نے مشن بی جے پی کے تحت انحراف کیلئے اُکسانے کی کوششوں کو مسترد کردیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس طرح کی کسی سرگرمی میں ملوث نہیں ہیں اور نہ ہی انہیں اس کی ضرورت ہے۔