چیف سکریٹری ایس کے جوشی کا کرناٹک چیف سکریٹریز ، ڈی جی پیز اکسائیز عہدیداروں کے ساتھ ویڈیو کانفرنس
حیدرآباد ۔ 26 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : چیف سکریٹری ڈاکٹر ایس کے جوشی نے پڑوسی ریاست کرناٹک میں 12 مئی کو منعقد ہونے والے اسمبلی انتخابات کو پرامن بنانے کے لیے حکومت تلنگانہ کی جانب سے مکمل تعاون کرنے کا تیقن دیا ۔ آج سکریٹریٹ میں کرناٹک انتخابات کے لیے پڑوسی ریاست کے چیف سکریٹریز ، ڈی جی پیز ، اکسائز عہدیداروں کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کا اہتمام کرتے ہوئے ڈاکٹر ایس کے جوشی نے کہا کہ کرناٹک میں انتخابات کو پرامن بنانے میں تلنگانہ حکومت مکمل تعاون کرے گی ۔ 800 پولیس ملازمین کو کرناٹک روانہ کرے گی ۔ سرحدی اضلاع میں چیک پوسٹ کو مستحکم کرنے کا کرناٹک کے چیف سکریٹری کو تیقن دیا ۔ اضلاع محبوب نگر ، گدوال ، سنگاریڈی ، کاماریڈی ، وقار آباد ، کے سرحدی علاقوں میں 5 کیلو میٹر تک انتخابات سے 48 گھنٹوں قبل تک شراب کی دوکانات کو بند رکھنے کے کلکٹرس کو احکامات جاری کئے ۔ ڈی جی پی مہیندر ریڈی نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ لا اینڈ آرڈر کو یقینی بنانے کے لیے ایڈیشنل ڈی جی پی جتندر کو نوڈل آفیسر کی حیثیت سے نامزد کرنے کا اعلان کیا ۔ جرائم پیشہ افراد کے ڈاٹا کو ایک دوسرے کو روانہ کرنے اور محکمہ جیل کو بھی چوکنا رکھنے کا تیقن دیا ۔ کرناٹک کی چیف سکریٹری رتنا پربھا ، ڈی جی پی نیلامنی راجو نے کرناٹک میں انتخابات کو پرامن بنانے میں تعاون کرنے پر حکومت تلنگانہ سے اظہار تشکر کیا ۔ اس ویڈیو کانفرنس میں جی اے ڈی کے پرنسپل سکریٹری ادھرسہنا ، محکمہ مال اور اکسائز کے پرنسپل سکریٹری سومیش کمار کے علاوہ دوسروں نے شرکت کی ۔۔