کرناٹک میں مرکزی لوک پال ایکٹ نافذہوگا

بنگلور ۔ 22 ۔ جنوری (سیاست ڈاٹ کام) کرناٹک میں کانگریس نے صاف ستھری، فعال اور شفاف حکومت فراہم کرنے اپنے وعدہ کے پابند ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ اب مرکز کے لوک پال ایکٹ کو اخذ کرنا چاہتی ہے جو بدعنوانیوں کے خلاف لڑنے کا ایک موثر ہتھیار ثابت ہوگا ۔ گورنر ایچ آر بھردواج نے ریاستی لیجسلیچر کے مشترکہ اجلاس سے اپنے روایتی خطاب کے دوران سدا رامیا کی قیادت والی صرف آٹھ ماہ پرانی حکومت میں اپنی ترجیحات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کرناٹک حکومت ہند کے وضع کردہ لوک پال بل کا خیر مقدم کرتی ہے اور یہ کوششیں بھی جاری ہیں کہ لوک پال بل کو کرناٹک میں بھی متعارف کیا جائے ۔ گزشتہ سال ڈسمبر میں پارلیمنٹ نے لوک پال اور لوک آیوکت ایکٹ کو منظور کیا تھا جس کا مقصد مرکزی سطح پر لوک پال کی تقرری ہے اور ریاستوں کو اس بات کی تلقین کرتا ہے کہ وہ اندرون ایک سال لوک آیوکت وضع کردیں جس کا ط لاق اعلامیہ کی تاریخ سے شروع ہوگا اور اس کے بعد اسکے خد و خال کا فیصلہ ریاستی اسمبلیوں پر چھوڑدیا جائے گا ۔

انہوں نے کہا کہ وزیر قانون کے زیر قیادت حکومت نے بھی حکومت چلانے کے عمل کو آسان اور مستحکم بنانے ایک کمیٹی تشکیل دی ہے تاکہ انتظامیہ کو شفاف ، بدعنوانیوں سے پاک اور جوابدہ بنایا جائے ۔ مسٹر بھردواج نے سیشن کے دوران یہ بھی کہا کہ حکومت نے پری۔ یونیورسٹی طلباء کو لیاپ ٹاپس اور الیکٹرانک نوٹ پیڈس فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو انہیں مفت فراہم کئے جائیں گے تاکہ انہیں انٹرنیٹ کے ذریعہ عالمی سطح کی معلومات حاصل ہوسکے۔ حکومت کرناٹک نے آئندہ پانچ سالوں میں 10 لاکھ ملازمتیں فراہم کرنے کا نشانہ بھی مقرر کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ نئی صنعتی پالیسی وضع کرنے کے بعد یکم اپریل سے اسکا اطلاق کیا جائے گا ۔ انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا کہ یکم اپریل کی تاریخ سے چونکنے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ یہ کوئی ’’اپریل فول‘‘ والی بات نہیں ہے۔ اس طرح ریاست میں صنعتیانے کے عمل کو متوازن کیا جائے گا جبکہ اکتوبر میں ’’گلوبل میٹ‘‘ کا انعقاد بھی کیا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاروںکو راغب کرتے ہوئے روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا کئے جاسکیں۔