کرناٹک میں ریڈی برادران کی تائید کا وزیراعظم مودی پرراہول گاندھی الزام

بھٹکل (کرناٹک) /26 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی پر جعلسازی کے مسئلہ کے سلسلے میں الزام عائد کرتے ہوئے صدر کانگریس راہول گاندھی نے آج کہا کہ وزیراعظم کانکنی کے شعبہ کی بڑی شخصیات ریڈی برادران کی تائید کررہے ہیں اور سی بی آئی کو انہوں نے ’’سنٹرل بیورو آف الیگل مائننگ ‘‘ میں تبدیل کردیا ہے ۔ راہول گاندھی نے جو اپنے ساتویں انتخابی دورہ کرناٹک کیلئے آئے ہوئے ہیں مودی پر الزام عائد کیا کہ وہ ایک کے بعد ایک جھوٹ بولتے جارہے ہیں ۔ غصہ اور نفرت پھیلارہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ یہ شخص ملک کو ترقی کے راستے پر نہیں لے جاسکتا ۔ صدر کانگریس نے کہا کہ مودی کرناٹک اس لئے آتے ہیں تاکہ وہ کہہ سکیں کہ وہ کرپشن کے خلاف کھڑے ہوئے ہیں جبکہ ان کی ایک جانب یدی یورپا ریاستی صدر بی جے پی ہوتے ہیں جو جیل کی سزاء بھگت چکے ہیں اور دوسری طرف چار وزراء ہوتے ہیں جو جیل میں تھے ۔ راہول گاندھی نے کہا کہ اس بار پوری ٹیم موجود ہے ۔ ریڈی برادرس اور ان کی پوری ٹیم کو پانچ ٹکٹ دیئے گئے ہیں تاکہ اسمبلی انتخابات میں حصہ لے سکیں ۔ جیسے ہی وہ جیل سے باہر آئے مودی جی نے انہیں بے قصور قرار دیا ۔ قبل ازیں سی بی آئی کو سنٹرل بیورو آف انوسٹی گیشن کہا جاتا تھا ۔ مودی جی نے اس کا نام تبدیل کرکے سنٹرل بیورو آگ الیگل مایننگ بنادیا ہے ۔ اس کے بعد بھی وہ یہاں آتے اور کہتے ہیں کہ وہ کرپشن کے مخالف ہیں ۔ وہ بھٹکل میں جواتر کنڑا کا ایک ضلع ہے ایک جلسہ عام سے خظاب کررہے تھے ۔انہوں نے ذرائع ابلاغ سے خواہش کی کہ وہ مودی سے سنٹرل بیورو آف الیگل مائننگ کے بارے میں سوال کریں اور ریڈی برادران کے بارے میں پوچھے کہ انہیں ٹکٹ کیوں دیئے گئے ہیں ۔ یہ لوگ ان کی تائید کیسے حاصل کررہے ہیں ۔ لیکن پریس یہ سوالات نہیں کرسکتا ۔ صرف مودی اپنے من کی بات کہتے ہیں ۔ یہ ایک صداقت ہے ۔ مودی کا مقصد کرناٹک کی دولت ریڈی برادران کے ہاتھوں میں دینا ہے ۔ یہ دولت 5 تا 10 مالدار آدمیوں میں تقسیم کرنا ہے ۔ کانگریس ایسا نہیں ہونے دے گی ۔ سن لیجئے کہ یہ ناممکن ہے ۔ مودی کے الفاظ کو کھوکھلے قرار دیتے ہوئے راہول گاندھی نے کہا کہ وزیراعظم 56 انچ کے سینے کی بات کرتے ہیں ۔ وہ صدر چین کے ساتھ ایک جھولے پر بیٹھے ہیں۔ صدر چین نے اپنی فوج ڈوکلم روانہ کردی ۔ 56 انچ کے سینے نے ایک لفظ بھی نہیں کیا ۔ آج وہ ایک طیارہ میں چین گئے ہوئے ہیں ۔ عصمت ریزی کے واقعات کا تذکرہ کرتیہوئے انہوں نے کہا کہ بیٹی بچاؤ بیٹی پڑھاؤ پورا ملک یو پی ، جموں و کشمیر ، راجستھان ہرجگہ خواتین پر حملے ہورہے ہیں اور ان کی عصمت ریزیاں کی جارہی ہیں ۔ یو پی میں مودی کے پارٹی کے لوگ بھی انکارستانیوں میں شریک ہیں۔