کرناٹک میں ریاگنگ کے دوران زخمی طالب علم فوت

کوچی ۔ 12 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) بنگلور کالج میں مبینہ ریاگنگ کے دوران سر پر شدید زخم آنے کے باعث طالب علم فوت ہوگیا۔ کیرالا سے تعلق رکھنے والا 21 سالہ آرکٹکچر آج زخموں سے جانبر نہ ہوسکا۔ ایک اور ریاگنگ کے واقعہ میں پولیس نے ایم بی بی ایس کے 8 طلبہ کے خلاف ایف آئی آر درج کیا ہے۔ یہ طلبہ گجرات میں ضلع پٹن میں ایک میڈیکل کالج ہاسٹل کے 18 جونیر طلبہ کے ساتھ ریاگنگ کررہے تھے۔ آچاریہ کالج آف ٹیکنالوجی پالی ٹکنک کے سال دوم کے طالب علم اہاب ابراہیم پیر کی شب دیر گئے کوچی کے دواخانہ میں فوت ہوگئے۔ ان کے رشتہ داروں نے کہا کہ یہ طالب علم کیرالا کے ضلع تھریشور سے تعلق رکھتے تھے۔ ان کے رشتہ داروں کے مطابق طالب علم کے 6 سینئر ساتھیوں نے مبینہ طور پر ریاگنگ کی اور وہ ہاسپٹل کے باتھ روم میں بیہوش پائے گئے۔ انہیں بنگلور کے ایک دواخانہ میں شریک کیا گیا تھا۔ بعدازاں انہیں کیرالا منتقل کیا گیا جہاں وہ کوما میں چلے گئے تھے۔ رشتہ داروں نے الزام عائد کیا کہ کرناٹک پولیس نے کیس رجسٹرڈ کرنے سے انکار کردیا اور اس طالب علم کی زندگی نہیں بچائی۔

سہارا کیس : سبرتا رائے
سپریم کورٹ سے رجوع
نئی دہلی ۔ 12 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) سہارا، سیپی کیس میں ایک نئی تبدیلی رونما ہوئی ہے جس میں سبرتا رائے نے اپنی حراست کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع ہوکر اس کے فیصلہ کو چیلنج کیا ہے۔ عدالت نے انہیں عوام کے 20 ہزار کروڑ روپئے ڈپازٹ نہ کرنے پر گرفتار کیا گیا ہے۔ چیف جسٹس پی ستیہ شیوم کی زیرقیادت بنچ کے سامنے حاضر ہوکر سینئر وکیل رام جیٹھ ملانی نے درخواست کی کہ عدالت کو اس کیس میں فوری سماعت کرنی چاہئے چونکہ یہ درخواست حبس بیجا سے متعلق ہے۔