کرناٹک میں دلت کو چیف منسٹر بنانے پر کوئی اعتراض نہیں : سدارامیا

یہ میرا آخری الیکشن تھا ۔ مستقبل میں کوئی انتخاب نہیں لڑونگا ۔ پارٹی کو 120 نشستوں کے ساتھ اکثریت ملنے کا یقین

میسورو 13 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) چیف منسٹر کرناٹک سدارامیا نے آج کہا کہ اگر کانگریس ہائی کمان ریاست میں کسی دلت کو چیف منسٹر بنانا چاہتی ہے تو وہ کوئی اعتراض نہیں کرینگے ۔ انہوں نے کہا کہ ہائی کمان کو تاہم اپنا فیصلہ مسلط نہیںکرنا چاہئے ۔ انہوں نے ایک ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی دلت چیف منسٹر ارکان اسمبلی کو اعتماد میں لئے بغیر بنایا جاتا ہے تو اس سے حکمرانی متاثر ہوگی کیونکہ اس سے ارکان میں ناراضگی پیدا ہوسکتی ہے ۔ اس سوال پر کہ اگر پارٹی کو اکثریت حاصل ہوجائے اور پارٹی کسی دلت کو چیف منسٹر بنانا چاہے تو ان کا موقف کیا ہوگا سدارامیا نے کہا کہ وہ کہیں گے کہ وہ کسی کے خلاف نہیں ہیں ۔ انہوں نے ہائی کمان کو فیصلہ کا اختیار سونپتے ہوئے کہا کہ کسی بھی لیڈر کو ارکان اسمبلی کی خواہش کے خلاف مسلط کرنا مشکل ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کو چاہئے کہ وہ ارکان اسمبلی کی رائے حاصل کرے اور ہائی کمان بھی اس سے اتفاق کرے ۔ انہوں نے کہا کہ انہیں اپنے پانچ سالہ دور اقتدار میں کبھی مخالفت یا ناراض سرگرمیوں کا سامنا کرنا نہیں پڑا ہے ۔ انہوں نے اس خیال کو مسترد کردیا کہ وہ مرکزی سیاست میں چلے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ خود کو کرناٹک تک محدود رکھیں گے ۔ انہیں امید ہے کہ پارٹی 120 سے زائد نشستوں پر کامیابی حاصل کرے گی اور وہ ریاست کے دوبارہ چیف منسٹر بنیں گے ۔ علاوہ ازیں چامنڈیشوری میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے سدارامیا نے کہا کہ یہ ان کا آخری الیکشن تھا ۔ انہوں نے مستقبل میں کوئی اور الیکشن لڑنے کا امکان مسترد کردیا اور کہا کہ وہ فرقہ پرست طاقتوں کے خلاف اپنی لڑائی جاری رکھیں گے ۔ وہ اپنی آخری سانس تک سماجی انصاف کیلئے جدوجہد کرتے رہیں گے ۔ سدا رامیا نے کل ادعا کیا تھا کہ کانگریس پارٹی اسمبلی انتخابات میں 120 سے زائد نشستوں پر کامیابی حاصل کریگی اور وہ ایک بار پھر چیف منسٹر کی ذمہ داری سنبھالیں گے ۔ اس سوال پر کہ ریاست میں کون چیف منسٹر ہوگا سدارامیا کا کہنا تھا کہ پارٹی نے پہلے ہی فیصلہ کرلیا تھا کہ انتخابات ان کی قیادت میں لڑے جائیں گے ۔ اس کے کیا اشارے ہوسکتے ہیں ؟ ۔ وہ ریاست کے آئندہ چیف منسٹر ہونگے ۔ اس سوال پر کہ معلق اسمبلی کی صورت میں کانگریس کا موقف کیا ہوگا انہوں نے کہا کہ ایسی صورتحال پیدا نہیں ہوگی اورکانگریس کو اقتدار حاصل ہوگا ۔ ریاست میں کل رائے دہی ہوئی تھی اور منگل 15 جون کو نتائج کا اعلان ہونے والا ہے ۔