کرناٹک میں برقع پوش خاتون کو ووٹ ڈالنے سے روک دیا گیا

بنگلورو۔ 12 مئی (سیاست ڈاٹ کام) کرناٹک میں اسمبلی انتخابات کیلئے ووٹنگ جاری ہے۔ الیکشن کیلئے ہر پولنگ بوتھ پر پختہ انتظامات کئے گئے ہیں، حالانکہ بیلگاوی اسمبلی سیٹ کے پولنگ بوتھ سے ایک مسلم خاتون کا برقع اُتارنے کی خبر آئی ہے۔ دراصل ووٹ ڈالنے پہنچی مسلم خاتون سے برقع اُتارنے کیلئے کہا گیا جس کی خاتون نے مخالفت کی۔ اس کے بعد وہاں بھیڑ جمع ہوگئی۔ حالات کو بے قابو ہوتے ہوئے دیکھ کر وہاں موجود سکیورٹی اہلکار متحرک ہوگئے۔ وہیں پولنگ بوتھ پر تعینات ملازمین کا کہنا ہے کہ خاتون سے اس کی شناخت کی تصدیق کیلئے برقع اتارنے کیلئے کہا گیا تھا۔ کرناٹک کی 224 اسمبلی سیٹوں میں سے 65 پر مسلم رائے دہندگان فیصلہ کن حیثیت رکھتے ہیں۔ ریاست میں تقریباً 13% مسلم آبادی ہے۔ مردم شماری کے مطابق بیدر، کلبرگی اور بھٹکل جیسے علاقوں کی اسمبلی سیٹوں پر 30% تا 50% مسلم رائے دہندگان ہیں۔ وہیں بنگلورو کی 20 سیٹوں پر ان کی تعداد 10% تا 50% تک ہے۔