بنگلورو،18 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) کرناٹک میں جنتا دل (ایس) اور کانگریس تال میل کمیٹی کے صدر سدھا رامیا نے میڈیا میں آئی رپورٹس کی تردید کرتے ہوئے آج واضح کیا کہ ریاست کی اتحادی سرکارکو خطرہ نہیں ہے ۔ مسٹر سدھا رامیانے یہاں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ’’کانگرس لیڈروں کیساتھ کوئی نظریاتی اختلاف نہیں ہے اور کوئی بھی لیڈر پارٹی چھوڑکرنہیں جارہاہے ،سرکار کی عدم استحکام کے تعلق سے آئی رپورٹیں بے بنیاد رہیں‘‘ ۔
انہوں نے کہاکہ کانگرس میں جارکی ہولی برادران اور دیگر لیڈر ان پارٹی چھوڑکر نہیں جا رہے ہیں ۔ سابق وزیر علیٰ اُس رپورٹ کا تذکرہ کر رہے تھے جس میں کہا گیاتھا کہ اتحادی سرکار کی الٹی گنتی شروع ہو گئی ہے اور کسی بھی وقت سرکار گرسکتی ہے ۔مسٹر سدھا رامیا حال ہی میں اہل خانہ اور دوستوں کے ساتھ بیرون ملک گئے ہوئے تھے ، انہوں نے کہا کہ یہ رپورٹ حقیقت پر مبنی نہیں ہے ۔