مودی کی مہم کا کوئی خاص اثر نہیں، کانگریس واحد بڑی پارٹی ہوگی، ہفتہ کو رائے دہی
حیدرآباد ۔ 8 ۔ مئی (سیاست نیوز) کرناٹک اسمبلی انتخابات کیلئے رائے دہی کو صرف 4 دن باقی ہے لیکن ریاست میں آئندہ حکومت کس پارٹی کی ہوگی اور عوام کس کے سر پر اقتدار کا تاج رکھیں گے ، اس بارے میں میڈیا چیانلس اور صحافتی اداروں میں متضاد رائے کا اظہار کیا جارہا ہے ۔ مختلف قومی اور علاقائی چیانلس کی جانب سے کرناٹک کے امکانی نتائج پر اوپنین پول کا اہتمام کیا گیا اور ان میں بعض اوپنین پول کانگریس کے دوبارہ اقتدار کے حق میں منظر عام پر آئے جبکہ زیادہ تر اوپنین پول میں کانگریس واحد بڑی پارٹی کی حیثیت سے ابھرنے کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔ معلق اسمبلی کی صورت میں کانگریس اور جنتا دل سیکولر کی مخلوط حکومت کی پیش قیاسی بھی کی گئی ۔ کرناٹک کے بارے میں ایک دلچسپ انکشاف جو منظر عام پر آیا کہ وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے انتخابی مہم میں حصہ لینے کے بعد بی جے پی کے بجائے کانگریس کے حق میں رائے عامہ مزید بہتر ہوئی ہے۔ کانگریس کے حق میں رجحان کو دیکھتے ہوئے دوبارہ اکثریت نہ سہی ، واحد بڑی پارٹی کا موقف ضرور حاصل ہوگا۔ کئی میڈیا چیانلس نے گزشتہ دو ماہ کے دوران کئے گئے اپنے سروے کی بنیاد پر واضح کیا کہ رائے دہی سے عین قبل کانگریس کا موقف بہتر ہوا ہے۔ بی جے پی کرناٹک میں مخالف حکومت لہر پر انحصار کئے ہوئے ہے جبکہ میڈیا چیانلس کے مطابق حکومت کی کارکردگی سے عوام مطمئن ہیں۔ سی فورس نامی ادارہ کی جانب سے کئے گئے سروے کے مطابق کانگریس پارٹی کو دوبارہ اکثریت حاصل ہوگی جبکہ فینانشیل اکسپریس نے معلق اسمبلی کی پیش قیاسی کی ہے۔ ٹی وی 9 اور سی ووٹرس کی جانب سے کئے گئے اوپنین پول میں کانگریس کو 102 نشستوں کے ساتھ بڑی پارٹی کا موقف دیا گیا جبکہ بی جے پی کو 96 اور جنتا دل سیکولر 25 نشستوں کے ساتھ بادشاہ گر کے موقف میں آسکتی ہے ۔ بیشتر سروے میں 45 فیصد عوام کی رائے چیف منسٹر کے عہدہ کیلئے سدا رامیا کو پہلی پسند کے طور پر تھی۔ 26 فیصد نے بی جے پی کے یدی یورپا کی جبکہ 13 فیصد نے ایچ ڈی کمار سوامی کو چیف منسٹر کی حیثیت سے ترجیح دی۔ اے بی پی نیوز اور سی ایس بی ایس لوک نیتی کی جانب سے کئے گئے اوپنین پول میں مخلوط حکومت کی پیش قیاسی کرتے ہوئے کانگریس کو واحد بڑی پارٹی کا موقف دیا ہے۔ سروے کے مطابق کانگریس کو 90 سے 102 جبکہ بی جے پی کو 78 سے 86 نشستیں ملیں گی۔ جنتا دل سیکولر کو 36 تا 44 نشستوں کی پیش قیاسی کی گئی ۔ 27 اپریل تا 3 مئی کے درمیان کئے گئے اس اوپنین پول میں 4976 رائے دہندوں کی رائے حاصل کی گئی۔ کانگریس کو 25 نشستوں کا نقصان دکھایا گیا ہے جبکہ بی جے پی کو 44 نشستوں کا فائدہ ہوگا۔ اے بی پی اوپنین پول کے مطابق 33 فیصد رائے دہندے چیف منسٹر کے عہدہ کے لئے سدا رامیا کے حق میں ہیں جبکہ 27 فیصد نے یدی یورپا کی تائید کی۔ اے بی پی نیوز نے اس سے قبل جو سروے کیا تھا ، اس میں کانگریس کو 85 تا 91 نشستوں کی پیش قیاسی کی تھی جبکہ دوسرے سروے میں اس تعداد میں اضافہ ہوا ہے ۔