روشن بیگ ، تنویر سیٹھ ، سید یٰسین اور کنیز فاطمہ شامل
حیدرآباد ۔ 25 ۔ اپریل (سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے کرناٹک کی 225 رکنی اسمبلی کے انتخابات میں 17 مسلم امیدواروں کو میدان میں اتارا ہے۔ آل انڈیا کانگریس کمیٹی کی جانب سے لمحہ آخر میں مزید دو مسلم امیدواروں کا اعلان کیا گیا جبکہ پہلی لسٹ میں 15 نام شامل تھے ۔ پرچہ جات نامزدگی کے ادخال کا وقت ختم ہوچکا ہے اور کانگریس کے تمام مسلم امیدواروں نے انتخابی مہم میں شدت پیدا کردی ہے ۔ ریاستی وزراء آر روشن بیگ اور تنویر سیٹھ کے علاوہ دیگر موجودہ ارکان اسمبلی کو دوبارہ ٹکٹ دیا گیا جن میں فیروز نور الدین سیٹھ ، یو ٹی عبدالقادر، ڈاکٹر رفیق احمد اور بی اے محی الدین باوا شامل ہیں۔ روشن بیگ کو شیواجی نگر اسمبلی حلقہ سے ٹکٹ دیا گیا جبکہ فیروز سیٹھ بنگلور نارتھ، یو ٹی عبدالقادر منگلور، ڈاکٹر رفیق احمد ٹمکور سٹی ، تنویر سیٹھ کو نرسمہا راجہ اور بی اے محی الدین کو منگلور سٹی سے ٹکٹ دیا گیا ہے۔ سابق وزیر الحاج قمر الاسلام کی بیوہ محترمہ کنیز فاطمہ کو گلبرگہ نارتھ سے کانگریس نے ٹکٹ دیا ہے ۔ کانگریس نے جنتا دل ایس کے موجودہ رکن اسمبلی اقبال انصاری کو ٹکٹ دیا جو اس مرتبہ گنگاوتی اسمبلی حلقہ سے مقابلہ کریں گے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ بی جے پی اور عام آدمی پارٹی کی فہرستوں میں ایک بھی مسلم امیدوار شامل نہیں ہے۔ کرناٹک میں 2011 مردم شماری کے اعتبار سے مسلمانوں کی آبادی 12.9 فیصد ہے جبکہ عیسائی 1.9 فیصد ہے، جین ، بدھسٹ اور سکھ طبقہ کی آبادی ایک فیصد سے کم ہے۔ کانگریس کے 17 مسلم امیدواروں کی فہرست اس طرح ہے ۔ فیروز سیٹھ (بیلگام نارتھ)، عبدالحمید مشرف (بیجا پور سٹی) ، کنیز فاطمہ (گلبرگہ نارتھ) ، رحیم خاں (بیدر) ، اقبال انصاری (گنگاوتی) ، محمد اسماعیل (ہبلی دھارواڑ ویسٹ) ، سید عظیم پیر کھدری (شیگاؤں)، ڈاکٹر رفیق احمد (ٹمکور سٹی) ، سید ضمیر پاشاہ (کولار) ، آر روشن بیگ (شیواجی نگر) ، ضمیر احمد خاں (چامراج پیٹ) ، ایچ اے اقبال حسین (رام نگرم) ، بی اے محی الدین باوا (منگلور سٹی نارتھ) ، یو ٹی عبدالقادر (منگلور) ، تنویر سیٹھ (نرسمہا راجہ) ، سید یسین (رائچور) ، محمد ہادی (بنگلور)۔