نئی دہلی ۔ یکم مارچ (سیاست ڈاٹ کام) سینئر کانگریس لیڈر مدھو سدن مستری آنے والے کرناٹک اسمبلی انتخابات کے لئے پارٹی کی اسکریننگ کمیٹی کی سربراہی کریں گے۔ صدر کانگریس راہول گاندھی نے آج اِس کلیدی چناؤ کے لئے اسکریننگ پیانل تشکیل دیتے ہوئے اُن کے نام کو منظوری دے دی۔ پارٹی ایم پیز ٹی ساہو اور گورو گوگوئی اِس پیانل کے ممبرس ہوں گے، جس میں پارٹی جنرل سکریٹری انچارج کرناٹک کے سی وینو گوپال اور اسٹیٹ یونٹ چیف جی پرمیشور بلحاظ عہدہ ارکان ہوں گے۔ کانگریس واحد بڑی ریاست ہے جہاں موجودہ طور پر پارٹی برسر اقتدار ہے اور یہ اقتدار برقرار رکھنا آئندہ سال کے عام انتخابات سے قبل پارٹی کا حوصلہ قائم رکھنے کے لئے بہت ضروری ہے۔