ملک سے بی جے پی کا خاتمہ یقینی ، آندھرا کے وزرا چندرا موہن ریڈی و آدی نارائن کا بیان
حیدرآباد /6 نومبر ( سیاست نیوز ) آندھراپردیش کے وزرا ایس چندرا موہن ریڈی اور آدی نارائن ریڈی نے کرناٹک میں ضمنی انتخابی نتائج کو وزیر اعظم نریندر مودی کے صفائے کی پہلی کڑی قرار دیا ہے اور کہا کہ جاریہ ماہ اور آئندہ ماہ ملک کی مختلف ریاستوں میں اسمبلی انتخابات کے نتائج اسی تاریخ کو دہرائیں گے ۔ ان میں بی جے پی کو کراری شکست ہوگی ۔ انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ کرناٹک اسمبلی انتخابات کے بعد نریندر مودی کی حکومت نے کرناٹک کیلئے کئی مسائل پیدا کئے تھے اور ان کا کرناٹک عوام نے جائزہ لیا ۔ کرناٹک میں کانگریس میں پھوٹ ڈالنے کی مودی حکومت کی کوششوں پر عوام نے منہ توڑ جواب دیا ہے ۔ کرناٹک میں پانچ حلقوں ( تین لوک سبھا اور دو اسمبلی ) کے منجملہ چار سے کانگریس جے ڈی ایس اتحاد کو کامیابی حاصل ہوئی ہے ۔ ان وزراء نے الزام عائد کیا کہ لوک سبھا حلقہ شیوا موگا میں یدی یورپا کے فرزند نے کروڑہا روپئے خرچ کرکے کامیابی حاصل کی ۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ عام انتخابات پر کرناٹک نتائج اثر انداز ہونگے ۔ آندھراپردیش وزراء نے بتایا کہ قومی سطح پر صدر تلگودیشم و چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو کی غیر بی جے پی جماعتوں کو متحد کرنے کی کوششیں ضمنی انتخابی نتائج میں کانگریس جے ڈی ایس کی کامیابی کا ایک حصہ ہے ۔ اس طرح نریندر مودی کو اقتدار سے بیدخل کرنا قومی سطح پر اتحاد کا اہم مقصد ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں تلنگانہ راشٹرا سمیتی کا بھی زوال شروع ہوچکا ہے اور کرناٹک میں جس طرح نتائج حاصل ہوئے ہیں اسی طرح کے نتائج آئندہ ماہ تلنگانہ میں منعقد ہونے والے اسمبلی انتخابات کے بھی حاصل ہوں گے اور تلنگانہ راشٹرا سمیتی کا صفایا ہوجائے گا ۔