ریاستی کابینہ میں توسیع اور دیگر تقررات پر تبادلہ خیال، سدارامیا کے حالیہ ریمارکس پر بات نہیں ہوئی، چیف منسٹر کی وضاحت
نئی دہلی 30 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) کرناٹک میں جے ڈی ایس ۔ کانگریس حکومت کے 100 دنوں کی تکمیل پر ریاستی چیف منسٹر ایچ ڈی کمارا سوامی نے آج راہول گاندھی سے ملاقات کی اور کہاکہ مخلوط حکومت اچھی طرح کام کررہی ہے جبکہ اُنھوں نے کانگریس سربراہ کے ساتھ اپنی کابینہ کی توسیع کے موضوع پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ کمارا سوامی نے اِس میٹنگ کو خیرسگالی ملاقات قرار دیا لیکن ذرائع نے کہاکہ دونوں قائدین کے درمیان ملاقات کے دوران ریاستی کابینہ کی توسیع کا فیصلہ کیا گیا جو آئندہ چند ہفتوں میں کی جائے گی۔ اِس میٹنگ کے بعد کمارا سوامی نے میڈیا والوں کو بتایا کہ مخلوط حکومت کی کابینی توسیع کے بارے میں فیصلہ اور مختلف بورڈس اور کارپوریشنس کے چیرمین کے تقرر سے متعلق فیصلہ بھی عنقریب کیا جائے گا۔ چیف منسٹر نے یہ بھی کہاکہ جے ڈی (ایس) ۔ کانگریس مخلوط حکومت سینئر کانگریس لیڈر اور سابق چیف منسٹر سدارامیا کی قیادت میں محفوظ ہیں۔ کمارا سوامی نے راہول گاندھی کے ساتھ اُن کی قیامگاہ پر مختصر میٹنگ میں مخلوط حکومت کے پرفارمنس کے تعلق سے بھی اُنھیں واقف کروایا جس نے آج 100 یوم مکمل کرلئے ہیں۔
کمارا سوامی نے کہاکہ آج میں نے دفتر وزیراعلیٰ میں 100 دن مکمل کئے ہیں۔ اِس لئے میں یہاں صدر کانگریس سے خیرسگالی ملاقات کے لئے آیا ہوں۔ اُنھوں نے مزید کہاکہ راہول گاندھی نے کرناٹک حکومت کے کام کاج پر خوشی کا اظہار کیا۔ کمارا سوامی نے سدارامیا کے حالیہ بیانات کے تعلق سے اِس میٹنگ میں تبادلہ خیال کی تردید کی۔ سدارامیا نے ریاستی چیف منسٹر بننے کے تعلق سے ریمارکس کئے تھے جس سے ایسی قیاس آرائی پیدا ہوئی تھی کہ ریاست میں مخلوط شرکاء کے درمیان تلخیاں پیدا ہورہی ہیں۔ کمارا سوامی نے کہاکہ میٹنگ میں صدر کانگریس سے میں نے کابینی توسیع اور مختلف کارپوریشن اور بورڈس کے صدورنشین کے بارے میں عاجلانہ فیصلہ کرنے کی درخواست کی ہے۔ موجودہ طور پر کابینہ 16 کانگریس اور 10 جے ڈی ایس ارکان پر مشتمل ہے جن میں چیف منسٹر اور ڈپٹی چیف منسٹر شامل ہیں اور قاعدہ کے مطابق مزید چار ارکان کا اضافہ کیا جاسکتا ہے جن میں ایک جے ڈی ایس سے اور تین کانگریس سے ہوں گے۔ کمارا سوامی کی راہول گاندھی سے ملاقات ایسے موقع پر بھی ہوئی ہے جبکہ جے ڈی ایس ۔ کانگریس رابطہ کمیٹی کا اجلاس کل مقرر ہے تاکہ اتحاد میں جو کچھ بھی اختلافات موجود ہیں اُن کی یکسوئی کرلی جائے جو بالخصوص سدارامیا کے ریمارکس کے بعد پیدا ہوئے ہیں۔ چیف منسٹر نے کہاکہ سدارامیا لیڈر ہیں۔ اگر وہ سی ایم بننے کی خواہش کا اظہار کرتے ہیں تو اِس میں غلط کیا ہے۔ موجودہ مخلوط حکومت سدارامیا کی قیادت میں محفوظ ہے اِسے بحفاظت چلانے کے لئے سدارامیا کی ضرورت ہے۔ پہلے ہی سدارامیا وضاحت کرچکے ہیں کہ آئندہ الیکشن میں اگر عوام چاہیں تو وہ چیف منسٹر بنیں گے۔ سینئر کانگریس لیڈر آر وی دیش پانڈے بھی چیف منسٹر بننے کی خواہش رکھ سکتے ہیں۔