سروے میں انکشاف ، بی جے پی حلقوں میں مایوسی
حیدرآباد ۔ 29 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : عنقریب کرناٹک اسمبلی انتخابات کا شیڈول جاری ہونے والا ہے اور اس مناسبت سے سی فور ادارے نے پری پول سروے رپورٹ کو جاری کیا ہے جس کے مطابق کرناٹک کے شہری ایک اور مرتبہ کانگریس کو ہی برسر اقتدار لانے والے ہیں اور اس کے ساتھ ہی بی جے پی کو حصہ میں مایوسی چھانے والی ہے اور اس سروے رپورٹ پر ریاست کی عوام میں زبردست چرچا چل رہا ہے ۔ سروے کے مطابق کانگریس کے ووٹوں میں 9 فیصد کا اضافہ ہوگا اور کانگریس کو 46 فیصد تو بی جے پی کو 31 فیصد اور جے ڈی ایس کو 16 فیصد ووٹ حاصل ہوں گے ۔ جملہ 154 اسمبلی سیٹوں میں سے کانگریس کو 112 تا 126 سیٹیں ، بی جے پی کو 70 سیٹیں اور جے ڈی ایس کو 27 سیٹیں ملیں گی ۔ جب کہ شہر بنگلور کے احاطہ میں واقع 28 اسمبلی حلقوں میں سے کانگریس کو 19 سیٹیں حاصل ہونے کی قیاس آرائی کی گئی ہے تو قدیم میسور ریجن میں کانگریس کو 33 سیٹیں ، بی جے پی کو 7 سیٹیں اور جے ڈی ایس کو 24 سیٹیں ملنے کی امید ظاہر کی گئی ہے اور ممبئی کرناٹک ریجن کی 50 سیٹوں میں سے کانگریس کو 28 سیٹیں اور بی جے پی کو 22 سیٹیں ملنے کا سروے سے واضح ہوا ہے جب کہ ساحلی کرناٹک میں کانگریس کو 10 سیٹیں تو بی جے پی کو 9 سیٹیں ملیں گی اور حیدرآباد کرناٹک ریجن کی40 سیٹوں میں سے کانگریس کو 27 سیٹیں تو بی جے پی کو 10 سیٹیں ملنے کا اظہار کیا گیا ہے ۔ سدا رامیا کو دوبارہ وزیراعلی کی حیثیت سے برقرار رکھنے کے خیال کا اظہار کرنے والوں کا تناسب 45 فیصد ہے تو بی جے پی کے وزیراعلی کے امیدوار کے طور پر یدی یورپا کی تائید کرنے والوں کا تناسب 26 فیصد ہے ۔ یہ سروے رپورٹ ریاستی سطح پر یکم تا 25 مارچ منعقد کئے گئے ۔ سی فور کے پری پول سے سامنے آئی ہے ۔۔