کرناٹک اسمبلی انتخابات، 15 اپریل کو کانگریس امیدواروں کی فہرست کا اعلان

سدارامیا اور جی پرمیشور امیدواروں کے انتخاب میں مصروف، دہلی میں اسکریننگ کمیٹی کے اجلاس کے بعد قطعی فیصلہ

بنگلور ۔ 28 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) کرناٹک کانگریس نے آج کہا کہ 224 رکن ریاستی اسمبلی انتخابات کیلئے اس کے تمام امیدواروں کا اعلان 15 اپریل کو ایک ہی مرحلے میں کردیا جائے گا۔ سب کی توجہ کا مرکز بننے والے یہ انتخابات 12 مئی کو منعقد ہوں گے۔ پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر جی پرمیشور راؤ نے اخباری نمائندوں سے کہا کہ ’’ہم تمام 224 اسمبلی حلقوں کیلئے واحد مرحلہ میں اپنے امیدواروں کا اعلان کریں گے۔ انتخابات کی تاریخ کا چونکہ اعلان کیا جاچکا ہے، چنانچہ ہمیں بھی بعجلت ممکنہ یہ (امیدوار کی فہرست کا) اعلان کرنے کی ضرورت ہے‘‘۔ انہوں نے کہاکہ کانگریس کی مرکزی الیکشن کمیٹی کا اجلاس 9 اور 10 اپریل کو منعقد شدنی اسکرننگ کمیٹی کے اجلاس کے بعد ہوگا اور 15 اپریل تک پارٹی کے امیدواروں کی فہرست جاری کردی جائے گی۔ چیف منسٹر سدارامیا اور صدر پردیش کانگریس کمیٹی پرمیشور مختلف اضلاع کے انچارج وزراء اور انتخابی منشور کمیٹی کے ذمہ داروں سے ملاقاتیں کررہے ہیں۔ امیدواروں کے انتخاب کا طریقہ کار بیان کرتے ہوئے جیح پرمیشورا نے کہا کہ پردیش کانگریس کی الیکشن کمیٹی پہلے ہی اپنا اجلاس منعقد کرچکی ہے جس میں چند فیصلے کئے گئے ہیں جن سے دہلی میں پارٹی قیادت کو واقف کروایا جائے گا۔ صدر پردیش کانگریس کمیٹی نے کہا کہ ’’اس عمل کے ایک حصہ کے طور پر میں اور چیف منسٹر نے آج انچارج وزراء سے ملاقات کی تاکہ ان کی رائے لی جائے جو امیدواروں کے انتخاب میں مددگار ثابت ہوگی‘‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’’اس عمل کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے 9 اور 10 اپریل کو دہلی میں کانگریس کی اسکریننگ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوگا، جہاں تمام تفصیلات پیش کی جائیں گی جس کے بعد ہی فیصلے کئے جائیں گے‘‘۔ کانگریس کے صدر راہول گاندھی نے کرناٹک اسمبلی انتخابات کیلئے اس ماہ اسکریننگ کمیٹی تشکیل دی تھی، جس کی قیادت سینئر لیڈر مدھوسدن متری کررہے ہیں۔ ارکان پارلیمنٹ تامرادھواج ساہو اور گورو گوگوئی اس کمیٹی کے رکن ہیں۔ اے آئی سی سی کے جنرل سکریٹری اور ریاستی تنظیمی امور کے انچارج کے سی وینوگوپال کے علاوہ جی پرمیشورا اور سدارامیا اس کمیٹی کے بہ اعتبار عہدہ ارکان ہیں۔