حیدرآباد۔یکم فروری ( یو این آئی ) کرناٹک میں اسمبلی انتخابات کیلئے تلگو فلم اداکار چرنجیوی اور پون کلیان دو مختلف جماعتوں کیلئے انتخابی مہم چلائیں گے ۔ یہ دونوں اداکار سگے بھائی ہیں ۔چرنجیوی جو سابق مرکزی وزیر اور کانگریس لیڈر ہیں اپنی پارٹی کیلئے انتخابی مہم چلائیں گے جبکہ پون کلیان جنتادل ایس کیلئے انتخابی مہم میں حصہ لیں گے ۔ کرناٹک کے ساحلی اضلاع چکبلپور ‘کولار’بیلاری اور ہاسن میں تلگو زبان بولنے والے افراد کی کثیر تعداد رہتی ہے ۔ان علاقوں کے سیاسی لیڈر ان دونوں کا سیاسی فائدہ حاصل کرنے کیلئے اقدامات کررہے ہیں۔ ان علاقوں کے عوام میں ان دونوں اداکاروں کیلئے زبردست جوش و خروش پایا جاتا ہے ۔ اس کو دیکھتے ہوئے جے ڈی ایس سربراہ کماراسوامی نے پہلے ہی اعلان کردیا ہے کہ جناسینا پارٹی کے سربراہ پون کلیان ان کی پارٹی کیلئے انتخابی مہم چلائیں گے ۔ کرناٹک کے وزیراعلی سدارامیا نے انتخابی مہم کی ذمہ داری کنڑ اداکار امریش کو دی ہے ۔