کرمن گھاٹ کی اوقافی اراضی کا آج ڈسٹرکٹ جج معائنہ کرینگے

50 ایکر اراضی کے تحفظ میں اہم پیشرفت، 26 جون کو ہائیکورٹ میں سماعت
حیدرآباد۔/22جون، ( سیاست نیوز) حیدرآباد ہائی کورٹ کی ہدایت پر سیکنڈ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ جج رنگاریڈی آئی وی سرینواس کل23 جون کو کرمن گھاٹ میں درگاہ حضرت عنایت علی شاہ ؒ کی اوقافی اراضی کا معائنہ کریںگے۔ ہائی کورٹ نے 50 ایکر 8 گنٹے اراضی کا معائنہ کرتے ہوئے موجودہ موقف کے بارے میں ہائی کورٹ میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی ہے۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ جج وقف بورڈ کے عہدیداروں اور فریق ثانی کے نمائندوں کی موجودگی میں اراضی کا معائنہ کریں گے۔ وہ دونوں کے دستاویزات کا بھی جائزہ لیں گے۔ واضح رہے کہ کارگذار چیف جسٹس رمیش رنگناتھن اور جسٹس اوما دیوی پر مشتمل ڈیویژن بنچ نے مقدمہ کی سماعت کرتے ہوئے اوقافی اراضی کا حقیقی موقف جاننے کیلئے رپورٹ طلب کی ہے۔ واضح رہے کہ اراضی پر بعض قولداروں اور کرایہ داروں نے اپنی دعویداری پیش کی جبکہ وقف بورڈ نے 2006 میں گزٹ نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔ نوٹیفکیشن کو عدالت میں چیلنج کیا گیا جس پر ہائی کورٹ کے ووکیشن سے قبل سنگل جج جسٹس رامچندر راؤ نے گزٹ نوٹیفکیشن کو منسوخ کردیا تھا۔ ہائی کورٹ کی اپیل پر ڈیویژن بنچ نے سنگل جج کے فیصلہ کو کالعدم قرار دیتے ہوئے رنگاریڈی کے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ جج سے رپورٹ طلب کی ہے۔ ایڈیشنل سیشن جج کی رپورٹ کی بنیاد پر وقف اراضی کا فیصلہ کیا جائیگا۔ وقف بورڈ کے عہدیداروں کے علاوہ بورڈ کے اسٹینڈنگ کونسل ایم اے مجیب دورہ میں شامل رہیں گے۔ مقدمہ کی آئندہ سماعت 26 جون کو مقرر کی گئی ہے اور اس وقت تک اراضی سے متعلق رپورٹ پیش کردی جائیگی۔