کرفیو زدہ گولاگھاٹ میں پولیس کی ہوائی فائرنگ

گولاگھاٹ ؍ گوہاٹی ۔ 21 اگست (سیاست ڈاٹ کام) پولیس نے گڑبڑ زدہ ضلع گولاگھاٹ میں آج صبح نومالی گڑھ کے مقام پر قومی شاہراہ نمبر 39 پر راستہ روکنے کی کوشش کرنے والے احتجاجیوں کو منتشر کرنے کیلئے ہوائی فائر کئے اور آنسو گیس کے شیل داغے۔ احتجاجی لوگ غیرمعینہ مدت کی کرفیو کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سڑک پر نکل آئے تھے حالانکہ آرمی نے لا اینڈ آرڈر کی برقراری کیلئے فلیگ مارچ کیا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ عوام کی بڑی تعداد نے درختوں کی شاخوں کے ذریعہ سڑک پر راستہ روکنے کی کوشش کی اور اس طرح کل سے لاگو غیرمعینہ کرفیو کی خلاف ورزی ہوئی۔ نیز احتجاجیوں نے پولیس کی گاڑیوں پر پتھراؤ کرتے ہوئے ایک گاڑی کو نقصان پہنچایا اور ایک پولیس ملازم کو زخم آئے۔ احتجاجیوں نے اس واقعہ کے خلاف نعرہ بازی کی جس میں پولیس نے کل رات دیر گئے نومالی گڑھ میں فائرنگ کرتے ہوئے بے قصور شخص کو زخمی کردیا۔ تاہم اس واقعہ کی سرکاری طور پر تصدیق نہیں ہوئی۔ ضلعی نظم و نسق نے کرفیو والے علاقوں میں پبلک ایڈریس سسٹم کے ذریعہ عوام سے گھروں میں ہی رہنے کی اپیل کی ہے۔