کرغیزستان ہندوستان کے ساتھ تجارتی اور ثقافتی تعلقات میں اضافے کا خواہاں

نئی دہلی۔29 مارچ (سیاست ڈاٹ کام)کرغیزستان نے آج ہندوستان کے ساتھ تجارتی اور ثقافتی تعلقات میں اضافہ کی ضرورت پر زور دیا اور تجویز پیش کی کہ آئندہ 25 سال دونوں ممالک کے معاشی تعلقات میں اضافہ کے لیے وقف کردیئے جائیں۔ صدر کرغیزستان ہندوستان کے سرکاری دورے پر گزشتہ سال آئے تھے۔ انہوں نے کہا تھا کہ باہمی 25 سالہ سفارتی تعلقات کی تقریب منائی جارہی ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی 2015ء میں ہمارے ملک کا دورہ کرچکے ہیں اور 13 سال بعد ہمارے صدر گزشتہ سال ہندوستان کا دورہ کرچکے ہیں۔ سفیر کرغیزستان برائے جمہوریہ ہند ثمر گل آدم کلووا نے ہند۔کرغیز تجارتی سرمایہ کاری فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ یہ تقریب عوام سے عوام کے زیادہ روابط اور تجارتی برادری سے تجارتی برادری کے تعاون میں اضافہ کی وجہ بنے گی۔ کرغیزستان کی تجارتی وفود ہندوستان میں موجود ہیں اور ہمارے ملک کے لیے ہندوستان میں مواقع پر تبادلہ خیال کررہے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آغاز کے طور پر ہمارا باہمی تعاون تاریخی ثابت ہوگا۔ دونوں ممالک کے سفارتی تعلقات میں دن بہ دن اضافہ ہوتا جارہا ہے کیوں کہ دہلی سے بشکیک تک راست پروازیں شروع کی گئی ہیں۔