حیدرآباد ۔ یکم ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : حکومت تلنگانہ کرشنا ریور بورڈ احکامات پر عدلیہ سے رجوع ہونے کی تیاری میں کوشاں دکھائی دے رہی ہے ۔ اس سنگین مسئلہ پر آج یہاں سکریٹریٹ میں چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی صدارت میں ایک اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا ۔ اور اس اجلاس میں کرشنا ریور بورڈ کے فیصلہ پر اپنے احتجاج سے مطلع کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے چیف منسٹر نے اعلی عہدیداروں کو ضروری ہدایات دیں ۔ باوثوق سرکاری ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے کرشنا ریور بورڈ کے فیصلہ پر اپنے شدید اعتراض کا اظہار کیا اور عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ اس سلسلہ میں عدلیہ سے رجوع ہونے کی تیاری کریں ۔ علاوہ ازیں بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے اجلاس میں مختلف امور پر بھی غور و خوص کیا اور عہدیداروں سے موثر و مثبت اقدامات کرنے کی خواہش کی ۔۔