کرشمہ کو طلاق لے لینا چاہیئے: سیف علی خان

ممبئی۔/5جون،( سیاست ڈاٹ کام ) بالی ووڈ ایکٹر سیف علی خان جو کرینہ کپور کے شوہر اور کرشمہ کپور کے بہنوئی ہیں، نے اپنی سالی کو مشورہ دیا ہے کہ اگر وہ یہ سمجھتی ہیں کہ اُن کا ( کرشمہ ) اپنے شوہر سنجے کپور کے ساتھ گزارہ مشکل ہے تو انہیں طلاق لے لینی چاہیئے۔ دو متضاد مزاج کے شخص ایک چھت کے نیچے نہیں رہ سکتے چاہے مصالحت کی کتنی بھی کوشش کی جائے، تنازعات ضرور پیدا ہوں گے۔ سیف علی خان نے کہا کہ وہ کسی کا گھر توڑنا نہیں چاہتے اور نہ ہی کسی کی ازدواجی زندگی میں دخل اندازی کرنا چاہتے ہیں لیکن کرشمہ چونکہ اُن کی سالی ہیں لہذا اسے ’ گھر کا معاملہ ‘ سمجھتے ہوئے وہ لب کشائی کررہے ہیں۔ انہوں نے خود اپنی اور امریتا سنگھ کی مثال دی۔ حالانکہ دونوں کی شادی کے بعد انھیں ایک لڑکی اور ایک لڑکا تولد ہوئے جن کے نام سارہ اور ابراہیم ہیں جن میں سے سارہ تو بالغ ہوچکی ہے اور ابراہیم بھی عنقریب سن بلوغت کو پہنچنے والا ہے۔ اس کے باوجود بھی جب ہم ایک دوسرے کیلئے impossible ہوگئے تو ہم نے علحدہ ہوجانے کو ترجیح دی۔ سیف نے کہا کہ آنجہانی راجیش کھنہ کے ساتھ بھی ایسا ہی ہوا۔ جب کاکاجی اور ڈمپل جی نے یہ دیکھا کہ وہ ایک دوسرے کے لئے محال ہیں تو انہوں نے بغیر طلاق لئے ہوئے ایک دوسرے سے علحدگی اختیار کرلی۔