سینٹ پیٹرز برگ۔ 3فروری (سیاست ڈاٹ کام ) سینٹ پیٹرزبرگ لیڈیز ٹرافی ٹینس ٹورنمنٹ میں فرانس کی ان سیڈ کھلاڑی کرسٹینا ملاڈینووچ نے اپنے سے بہتر نمبر چار سیڈ امریکی حریف وینس ولیمز کو آسانی کے ساتھ 6-3 ‘ 6-1 سے شکست دے کر سب سے بڑا حیران کن نتیجہ دیا اور آخری 8 کھلاڑیوں میں جگہ بنا لی۔ پری کوارٹر فائنل مرحلے کے دیگر میچوں میں اٹلی کی نمبر چھ سیڈ کھلاڑی رابرٹا ونچی نے جرمن حریف اینڈریا پیٹکووچ کو شکست دی۔ روس کی ایلینا ویسنینا کو فرنچ حریف الیزے کارنیٹ کیخلاف کامیابی کیلئے سخت محنت کرنا پڑی جب وہ پہلا سٹ 2-6 سے ہار گئیں لیکن انہوں نے واپسی کرتے ہوئے دوسرے اور تیسرے سیٹ میں 6-3 کے یکساں اسکور سے کامیابی حاصل کرلی۔ ایک اور میچ میں نمبر دو سیڈ سلواکیہ کی ڈومینیکا سیبلکووا نے کروشیا کی ڈونا ویکچ کو 6-2 ‘ 6-2 سے مات دے کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔ تائیپے سٹی میں جاری تائیوان اوپن ٹینس ٹورنمنٹ کے پری کوارٹر فائنل مرحلے میں ایک اور اپ سیٹ دیکھنے میں آیا جہاں نمبر پانچ سیڈ جمہوریہ چیک کی کیٹرینا سینیاکووا کو چین کی شوائی پینگ نے 6-1 ‘ 6-3 سے شکست دیکر ایونٹ سے باہر کرنے کے ساتھ ہی کوارٹر فائنل میں بھی جگہ بنا لی۔ اسی مرحلے کے دیگر میچوں میں نمبر دو سیڈ آسٹریلیائی اسٹار سمانتھا اسٹوسر نے سلووینیا کی ڈالیلا جاکوپووچ کو تین سٹوں پر مشتمل سخت مقابلے کے بعد 3-6 ،7-5 ‘6-3 سے شکست دی۔