کرسمس کے دن اسکولوں میںیومبہتر حکمرانی منانے پر تنازعہ

نئی دہلی ۔ 17 ۔ ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس نے آج وزیر پارلیمانی اُمور وینکیا نائیڈو اور وزیر فروغ انسانی وسائل سمرتی ایرانی کے خلاف تحریک مراعات پیش کرنے کی دھمکی دی ہے اور یہ الزام عائد کیا کہ انہوں نے 25 ڈسمبر کو اسکولوں میں یوم بہترین حکمرانی کی تقریب پر جاری کردہ سرکیولر پر پارلیمنٹ کو گمراہ کیا ہے ۔ کانگریس رکن پارلیمنٹ جیوترا آدتیہ سندھیا نے بتایا کہ وزارت فروغ انسانی وسائل نے CBSE ، نودیہ اسکولوں اور یونیورسٹیز کو تین سرکیولرس جاری کئے ہیں اس کے برخلاف حکومت یہ ادعا کیا کہ 25 ڈسمبر کو نودیہ اسکولوں میں یوم بہترین حکمرانی ( گڈ گورینس ڈے ) تقریب منانے کیلئے سرکیولر جاری نہیں کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا اگر مذکورہ وزراء گمراہ کرنے کے مرتکب پائے گئے تو کانگریس پارٹی تمام اختیارات بشمول تحریک مراعات کا استعمال کریگی ۔ اگرچیکہ حکومت نے پارلیمنٹ کے اندر اور باہر مسلسل یہ کہا کہ کوئی سرکیولر جاری نہیں کیا گیا ہے لیکن آج ہمیں تین سرکیولر دستیاب ہوئے ہیں ۔ پہلا سرکیولر 9 ڈسمبر کو وزارت ایچ آر ڈی نے CBSE اسکولوں کو جاری کیا ہے جس میں یوم بہترین حکمرانی منانے کی ہدایت دی گئی ہے لیکن سرکیولر میں آن لائن مذاکرہ کا کوئی تذکرہ نہیں ہے جیسا کہ حکومت نے دعویٰ کیا ہے ۔ اسکولوں سے کہا گیا ہیکہ اس دن مذاکرہ اور دیگر مقابلے منعقد کر کے رپورٹ پیش کرے ۔

جبکہ دورا سرکیولر 10 ڈسمبر کو جاری کرتے ہوئے نودیہ اسکولوں سے اس نوعیت کی سرگرمیاں منعقد کرنے کی ہدایت دی گئی ۔ تیسرا سرکیولر 12 ڈسمبر کو جاری کرتے ہوئے تمام یونیورسٹیز بشمول IITs/IIMs سے کہا گیا کہ یوم بہترین حکمرانی کی تقاریب منائی جائے ۔ مسٹر سندھیا نے پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے حکومت سے کہا کہ اس مسئلہ پر وضاحت کرے ۔ ہم نے وزیر پارلیمانی امور وینکیا نائیڈو اور وزیر فروغ انسانی وسائل سمرتی ایرانی سے وضاحت طلب کی کیا وزارت HRD کی جانب سے متنازعہ سرکیولر جاری کیا گیا ہے نہیں ؟ کیونکہ دونوں وزیروں نے ایوان میں کہا تھا کہ حکومت نے ایسا کوئی سرکیولر جاری نہیں کیا ہے ۔ اگر یہ ثابت ہوجائے کہ وزراء نے غلط بات کہی ہے یا ایوان کو گمراہ کرنے کی کوشش کی ہے تو ان کے خلاف کارروائی کی جانی چاہئے چونکہ حکومت نے اس مسئلہ پر پارلیمنٹ کو گمراہ کیا ہے جس کے باعث کانگریس نے ایوان سے واک آوٹ کیا ہے یہ دریافت کئے جانے پر کہ مذکورہ وزارء کے خلاف تحریک مراعات پیش کی جائیگی ۔ مسٹر سندھیا نے کہا کہ ہم نے تمام اختیارات کھلے رکھے ہیں جس کا یقیناً استعمال کیا جائیگا ۔