سابق امریکی مرین گرفتار ۔ وصیت ، اسلحہ اور گولہ بارود برآمد
لاس اینجلس ۔ 23 ۔ دسمبر : ( سیاست ڈاٹ کام ) : امریکی وفاتی ایجنٹس نے جہادی گروپ اسلامک اسٹیٹ ( داعش ) سے متاثر ایک سابق امریکی مرین کو کرسمس کے موقع پر سان فرانسیسکو میں حملہ کی مبینہ سازش رچانے پر گرفتار کرلیا ہے ۔ امریکی وفاقی ادارہ ایف بی آئی کے اسپیشل ایجنٹ کرسٹوفرمک کین کی طرف سے داخل کردہ ایک حلفنامہ کے مطابق ’ ٹوٹرک ‘ ڈائیور 26 سالہ ایوریٹ آرن جیمسن اس شہر کے ایک مصروف سیاحتی مرکز پائیر 39 کو نشانہ بنانے کا منصوبہ تیار کررہا تھا ۔ باور کیا جاتا ہے کہ مشتبہ شخص نے ایک خفیہ جاسوس سے کہا تھا کہ وہ 18 اور 25 دسمبر کے دوران کس طرح اس سیاحتی مرکز کو نشانہ بنانے دھماکہ خیز مواد استعمال کرنا چاہتا ہے ۔ اس نے کہا تھا کہ اس حملے کیلئے کرسمس بالکلیہ طور پر بہترین دن ہوسکتا ہے ۔ عدالت میں پیش کردہ دستاویز کے مطابق جیمسن نے کہا تھا کہ اس کو بچ نکل کر راہ فرار اختیار کرنے کے کسی منصوبہ کی ضرورت نہیں تھی کیوں کہ وہ ’ مرنے کیلئے تیار ‘ ہے۔ ایف بی آئی ایجنٹوں نے چہارشنبہ کو ماڈسٹو کیلی فورنیا میں واقع مشتبہ کے گھر پر دھاوا کیا جہاں انہوں نے مبینہ طور پر اسلحہ اور گولہ بارود کے ساتھ اس کی وصیت اور بیان بھی برآمد کرلیا ۔ مک کین کے مطابق جیمسن نے پائیر 39 کا انتخاب اس لئے کیا تھا کہ سالانہ ایک کروڑ سیاح اس مقام پر پہنچا کرتے ہیں ۔