واشنگٹن ۔ 26 مئی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام) صدر افغانستان حامد کرزئی نے امریکہ کے ساتھ تلخ روابط کا ایک اور مظاہرہ کرتے ہوئے کابل کے باہر بگرام فضائی اڈے پر صدر امریکہ براک اوباما سے ملاقات کی پیشکش مسترد کردی ۔ اوباما نے یہاں کا غیرمعلنہ دورہ کیا تھا ۔ اُس وقت امریکی عہدیداروں نے حامد کرزئی کو یہ موقع دیا کہ وہ اگر چاہیں تو بگرا م فضائی اڈہ پر اوباما سے ملاقات کرسکتے ہیں لیکن افغان صدر نے اس پیشکش کو قبول کرنے سے انکار کردیا ۔
حامد کرزئی اس وقت دہلی میں موجود ہیں۔ ایک سرکاری عہدیدار نے بتایا کہ صدر کرزئی افغان روایت کے مطابق صدر امریکہ کا استقبال کرنے کیلئے تیار ہیں لیکن وہ بگرام جاکر ان سے ملاقات نہیں کریں گے ۔ اس دوران نئی دہلی میں حامد کرزئی نے بتایا کہ ہیرات میں ہندوستانی قونصل خانہ پر حملے کے پس پردہ دہشت گروپ لشکر طیبہ کار فرما ہے۔ اُنھوں نے مغربی انٹلیجنس ایجنسی کے حوالے سے کہا کہ یہ دراصل ہندوستان اور افغان مفادات پر دہشت گرد حملہ تھا ۔