کرد دستوں کا کوبانی کے زیادہ تر حصے پر کنٹرول

انقرہ۔ 19 نومبر۔ ( سیاست ڈاٹ کام)کردوں کے مسلح دستے ترکی کی سرحد پر واقع شامی شہر کوبانی کے زیادہ تر حصے کو داعش گروہ کے جنگجوؤں سے خالی کرا چکے ہیں۔مقامی انتظامیہ کے ترجمان نے بتایا کہ شہر کے بیس فیصد سے کم علاقے شدت پسندوں کے قبضے میں ہیں۔ کرد مسلح دستوں کے اراکین نے مقامی انتظامیہ کے دفتر کے قریب واقع چھ عمارات کو شدت پسندوں سے خالی کرا لیا ہے، ہتھیاروں اور بارود کی بڑی تعداد پر قبضہ کر لیا ہے۔ کرد خبر رساں ایجنسی کے مطابق اس کارروائی کے دوران 23 شدت پسندوں کو ہلاک کر دیا گیا ہے جن میں دو فیلڈ کمانڈر بھی شامل ہیں۔پچھلے 24گھنٹوں میں امریکی فضائیہ نے داعش کے مورچوں پر کم سے کم گیارہ حملے کئے ہیں۔کوبانی شہر میں لڑائیاں دو ماہ سے جاری ہیں، کرد ذرائع کے مطابق اس دوران تین ہزار سے زیادہ شدت پسند مارے جا چکے ہیں۔