لندن ۔ 20 جنوری۔( سیاست ڈاٹ کام ) کرد افواج جو شام کے شہر کوبانی میں دولت اسلامیہ کے عسکریت پسندوں سے نبرد آزما ہے ، تازہ ترین رپورٹ کے مطابق ایک پہاڑی مقام پر کنٹرول حاصل کرلیاہے ۔ لندن میں واقع شامی آبزرویٹری برائے انسانی حقوق اور مقامی عہدیداروں نے بتایا کہ پہاڑی مقام پر فتح حاصل کرنے سے قبل گھمسان کی لڑائی ہوئی تھی ۔ بی بی سی نے بھی اپنی رپورٹ میں یہ توثیق کی ۔ مشطینور کا پہاڑی علاقہ شام ۔ ترکی سرحد کے قریب واقع ہے اور اسطرح دولت اسلامیہ کی حرکات و سکنات کی نگرانی کرنے والوں نے دولت اسلامیہ باز سربراہی والے اب خود اُن کے لئے خطرناک بن جائیں گے ۔ گھمسان کی لڑائی میں دولت اسلامیہ کے گیارہ عسکریت پسند ہلاک ہوگئے اور اُن کے قبضہ سے اسلحہ اور گولہ بارود کی بڑی مقدار ضبط کی گئی۔ یہاں اس بات کا تذکرہ بھی ضروری ہے کہ دولت اسلامیہ گزشتہ سال ستمبر سے کوبانی میں کنٹرول حاصل کرنے کوشاں ہے لیکن کرد جنگجوؤں سے اُنھیں زبردست مزاحمت کا سامنا ہے ۔ اب تک مختلف جھڑپوں میں سینکڑوں افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ زائد از دو لاکھ پناہ گزین پڑوسی ملک ترکی فرار ہوگئے ہیں۔