نئی دہلی’ 13مارچ (سیاست ڈاٹ کام) کرتارپور کوریڈور کا جائزہ لینے کے لئے کل جمعرات کو منعقد میٹنگ میں میڈیا اہلکارو کو ویزا نہیں دینے کے معاملے پر ہندوستان نے کہا ہے کہ یہ ایک تکنیکی میٹنگ ہے جس کے لئے کسی بھی طرف سے میڈیا کو مدعو نہیں کیا گیا ہے ۔ پاکستانی وزارت خارجہ کے ترجمان محمد فیصل نے 14 مارچ کو ہونے والی کرتار پور میٹنگ کی کوریج کے لئے پاکستان کے صحافیوں کوویزا نہیں دینے پر مایوسی ظاہر کی۔ انہوں نے ٹوئٹ کرکے کہا ‘‘ ہندوستان کے تیس سے زیادہ صحافیوں نے گذشتہ سال پاکستان میں سنگ بنیاد کی تقریب کو کور کیا تھا۔ صحافیوں نے پاکستان کے وزیرخارجہ کی میزبانی میں ڈنر کے دوران وزیر اعظم سے ملاقات بھی کی تھی۔’’ انہوں نے کہا ‘‘افسوس ناک ہے کہ ہندوستان نے کل ہونے والی کرتار پور میٹنگ کے لئے پاکستان کے صحافیوں کو ویزا نہیں دیا ۔ امید ہے کہ ہندوستان بھی پاکستان کے کرتار پور جذبہ کے مطابق سلوک کر ے گا۔’’ ذرائع نے بتایا کہ دونوں ملکوں کے درمیان کل ہونے والی میٹنگ صرف تکنیکی سطح کی میٹنگ ہے۔